عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی+سرینگر //پلوامہ حملے کے مبینہ ماسٹر مائنڈ میں سے ایک حمزہ برہان کو مبینہ طور پر پاکستان کے زیر قبضہ جموں و کشمیر(پی او جے کے) میں نامعلوم بندوق برداروں نے ہلاک کر دیاہے۔برہان کو کئی بار گولیاں ماری گئیں۔ قومی میڈیا کے مطابق برہان کی موت پاکستان کے شہر مظفر آباد میں نامعلوم حملہ آوروں کے حملے کے بعد ہوئی۔برہان کو 2022 میں مرکز نے دہشت گرد نامزد کیا تھا۔ ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں، حکومت نے کہا تھا “ارجمند گلزار ڈار عرف حمزہ برہان عرف ڈاکٹر، جس کی عمر 23 سال ہے، کھربٹہ پورہ، رتنی پورہ، پلوامہ کا رہنے والا ہے، اور البدر کے ساتھیوں میں سے ایک ہے، جسے UAPA کے تحت دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔”پلوامہ حملہ 2019 میں ہوا تھا، جب جیش محمد کے عدیل احمد ڈار نے لیتہ پورہ کے مقام پر جموں سری نگر ہائی وے پر سیکورٹی اہلکاروں کے ایک قافلے سے دھماکہ خیز مواد سے بھری گاڑی ٹکرا دی۔ بم دھماکے میں سی آر پی ایف کے 40 اہلکار مارے گئے۔ادھرسیکورٹی فورسز نے کولگام ضلع میں ملی ٹینٹوں کے ایک اوور گرانڈ ورکر کو گرفتار کیا ۔حکام نے بتایا کہ پولیس، فوج اور سی آر پی ایف نے بدھ کی شام کولگام ضلع کے گائوں محمد پورہ میں ایک مشترکہ آپریشن شروع کیا اور ایک مشتبہ شخص کو روکا۔ان کا کہنا تھا کہ مشتبہ شخص کی تلاشی کے دوران دو دستی بم برآمد ہوئے۔ملزم کی شناخت عادل حسین لون کے نام سے ہوئی ہے جو کہ محمد پورہ کا مقامی رہائشی ہے۔پولیس سٹیشن کولگام میں قانون کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔