سرینگر اور گاندربل کے ہسپتالوں میں متعدد مریض داخل
راجا ارشاد احمد
گاندربل //گاندربل میں محکمہ صحت نے ضلع کے کئی علاقوں بالخصوص کنگن بلاک سے ملحقہ علاقوں میں گردن توڑ بخار وبائی بیماری میں مبتلا افراد میں اضافہ ہونے کے بعد الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انٹیگریٹڈ ڈیزیز سرویلنس پروگرام (آئی ڈی ایس پی) کے تحت چیف میڈیکل آفیسر گاندربل نے ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق کنگن بلاک سے ملحقہ علاقوں جن میں بیلا وسن، ہاری پورہ، اری گوری پورہ، چھترگل سمیت دیگر علاقوں میں وائرل گردن توڑ بخار میں مبتلا افراد کے سامنے آئے ہیں جن کو مبینہ طور پر علاج کے لیے ضلع ہسپتال گاندربل اور میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ میں داخل کرایا گیا ہے۔
جاری حکمنامہ میں چیف ایجوکیشن آفیسر گاندربل کو جانکاری دی گئی ہے کہ 12 مئی کواس بیماری میں مبتلا تین مریضوں کو ضلع اسپتال گاندربل میں داخل کیا گیا تھا جبکہ چار دیگر کو ضلع کے مختلف علاقوں سے میڈیکل انسٹیچوٹ صورہ منتقل کیا گیا تھا۔ محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام کو خدشہ ہے کہ اگر احتیاطی تدابیر پر سختی سے عمل نہ کیا گیا تو اس امراض میں مبتلا افراد کی تعداد میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے. اس وائرل بیماری کے سامنے آنے کے بعد ریپڈ ریسپانس ٹیموں نے مقامی صحت کے عملے کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے فوری طور پر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے عوام میں آگاہی اور احتیاطی سرگرمیاں انجام دیں جن کا مقصد بیماری کے پھیلاؤ کو روکنا اور لوگوں کو علامات اور احتیاطی نگہداشت کے بارے میں آگاہ کرنا تھا۔محکمہ صحت نے متاثرہ بچوں کے سکولوں کا بھی دورہ کیا اور حکام کو مشورہ دیا کہ وہ چوکس رہیں اور کسی بھی نئے علامتی کیس کی فوری اطلاع دیں۔ متاثرہ طالب علم ضلع کے مختلف تعلیمی اداروں میں داخل ہیں، جن میں کنگن، ووسن، نونر اور گاندربل ٹاؤن کے اسکول شامل ہیں۔ماہرین صحت نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ حفظان صحت کو برقرار رکھیں،پانی ابال کر استعمال کریں. متاثرہ افراد سے قریبی رابطے سے گریز کریں اور بخار، سردرد، قے یا گردن میں اکڑن کی صورت میں فوری طبی امداد حاصل کریں۔