محتشم احتشام
پونچھ//ڈپٹی کمشنر پونچھ اشوک کمار شرما نے گاؤں کنیوئیاں اور منگناڑ میں قائم الٹرا ہائی ڈینسٹی باغات کا دورہ کیا اور ہولسٹک ایگریکلچر ڈیولپمنٹ پروگرام کے تحت جدید باغبانی منصوبوں سے مستفید ہونے والے کسانوں سے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر ریونیو محمد سعید بھی ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ موجود تھے۔دورے کے دوران چیف ہارٹیکلچر آفیسر اْتم لال نے ڈپٹی کمشنر کو باغات کی ترقی اور جدید طرزِ کاشت کے نتائج کے بارے میں تفصیلی جانکاری فراہم کرتے ہوئے بتایا کہ الٹرا ہائی ڈینسٹی پلانٹیشن کسانوں کے لیے انتہائی سودمند ثابت ہو رہی ہے، جس کے ذریعے نہ صرف پیداوار میں اضافہ ہوا ہے بلکہ پھلوں کے معیار میں بہتری اور کسانوں کی آمدنی میں نمایاں اضافہ بھی دیکھنے کو ملا ہے۔
معائنے کے دوران کسانوں نے اپنے تجربات بیان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی سرپرستی میں جاری اس اسکیم نے ان کی معاشی حالت کو بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے اور انہیں جدید باغبانی کے فروغ میں عملی مدد حاصل ہوئی ہے۔ڈپٹی کمشنر اشوک کمار شرما نے کسانوں کی محنت، لگن اور جدید باغبانی طریقوں کو اپنانے کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس نوعیت کے اقدامات زرعی اور باغبانی شعبوں میں انقلابی تبدیلی لانے کے ساتھ ساتھ کسان برادری کے لیے آمدنی کے نئے مواقع پیدا کر رہے ہیں۔انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ جدید تکنیکوں اور حکومتی اسکیموں سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے ضلع میں باغبانی سرگرمیوں کو مزید وسعت دیں تاکہ دیہی معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔اس موقع پر کسانوں نے حکومت اور ضلع انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہایچ اے ڈی پی سکیم کے تحت بروقت رہنمائی، تکنیکی معاونت اور سرکاری تعاون نے انہیں جدید باغبانی کی جانب راغب کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔