محمد بشارت
کوٹرنکہ//کوٹرنکہ سے کنڈی کھاہ جمولہ جانے والی سڑک پر منگل کی بعد دوپہر ایک لوڈ کریر حادثہ کا شکار ہوگیا جس کے نتیجے میں ڈرائیور سمیت تین افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ بوی موڑ کے مقام پر پیش آیا، جہاں تیز رفتاری یا سڑک کی خستہ حالی کے باعث گاڑی بے قابو ہو کر حادثہ کا شکار ہوگئی۔مقامی ذرائع کے مطابق لوڈ کریر زیر نمبر JK02AL میں تین نوجوان سوار تھے۔ حادثہ پیش آتے ہی مقامی لوگوں نے فوری طور پر بچاؤ کارروائی شروع کی اور زخمیوں کو محکمہ صحت کی مدد سے کمیونٹی ہیلتھ سینٹر (سی ایچ سی) کنڈی منتقل کیا گیا۔ڈاکٹروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ان کی نازک حالت کے پیش نظر بہتر علاج و معالجہ کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کر دیا۔زخمیوں کی شناخت سوبھاش سنگھ ولد پنجاب سنگھ عمر تقریباً 20 برس، وکاس کمار ولد سکھ دیو سنگھ عمر 25 برس اور محمد شکیل ولد عبدالرشید عمر 12 برس ساکنان نہلنی پہلوڑ کے طور پر کی گئی ہے۔مقامی لوگوں نے حادثہ کے فوراً بعد امدادی کارروائیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور زخمیوں کو محفوظ مقام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔دریں اثنا پولیس تھانہ کنڈی نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کرکے حادثہ کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے تاکہ حادثہ کے اصل اسباب سامنے لائے جا سکیں۔