عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//راجوری ضلع کے سب ڈویژن کوٹرنکہ کے ایک دور افتادہ گاؤں میں پیر کے روز ایک ہائی ایکسپلوسیو مارٹر شیل برآمد ہونے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔ حکام کے مطابق بروقت کارروائی کرتے ہوئے بم ناکارہ بنانے والے دستہ (بی ڈی ایس) نے شیل کو محفوظ طریقے سے تباہ کر دیا۔ذرائع کے مطابق مقامی دیہاتیوں نے گاؤں کے نزدیک ایک مشتبہ دھماکہ خیز شے دیکھی جس کے بعد فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی گئی۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور احتیاطی تدابیر کے طور پر پورے علاقے کو اپنے گھیرے میں لے لیا تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔بعد ازاں بم ناکارہ بنانے والے دستہ (بی ڈی ایس) کو طلب کیا گیا جس نے موقع پر پہنچ کر تکنیکی جانچ شروع کی۔
جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ برآمد شدہ شے ایک ہائی ایکسپلوسیو مارٹر شیل ہے، جو کسی بھی وقت خطرناک ثابت ہو سکتا تھا۔حکام نے بتایا کہ بی ڈی ایس ٹیم نے تمام معیاری حفاظتی اصولوں پر عمل کرتے ہوئے شیل کو محفوظ طریقے سے ناکارہ بنا دیا۔ کارروائی کے دوران مقامی آبادی کی نقل و حرکت بھی احتیاطی طور پر محدود رکھی گئی تاکہ کسی قسم کے خطرہ سے بچا جا سکے۔پولیس حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کہیں بھی کوئی مشتبہ یا دھماکہ خیز جیسی شے نظر آئے تو اس کے قریب جانے کے بجائے فوراً نزدیکی پولیس اسٹیشن یا سیکورٹی ایجنسی کو اطلاع دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔مقامی لوگوں نے پولیس اور بی ڈی ایس ٹیم کی فوری کارروائی کو سراہتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا۔