ایل جی قیادت کرینگے،ٹریفک ایڈوائزری جاری
مشتاق الاسلام
پلوامہ // لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کے دور پلوامہ سے ایک روز قبل قصبہ میں سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں سپورٹس اسٹیڈیم پلوامہ جہاں کل تقریب منعقد ہونے والی ہے کی جانب جانے والا راستہ سیل کر دیا گیا ہے جبکہ اہم مقامات پر اضافی فورس تعینات کی گئی ہے۔نشے سے پاک جموں وکشمیر100روزہ مہم کے تحت لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں آج انسداد منشیات پد یاترا سے قبل حکام نے پیرکو پلوامہ میں ٹریفک پابندیوں کا اعلان کیا۔جسکے تحت ریلی کے لیے کلیدی راستوں کیلئے ٹریفک پلان مرتب کیا گیا ہے ۔ٹریفک پولیس رورل کشمیر نے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی قیادت میں پلوامہ ٹاؤن میں 19 مئی کو جاری نشا مکت بھارت ابھیان کے تحت منعقد ہونے والی میگا پدیاترا سے پہلے ایک تفصیلی ٹریفک ایڈوائزری جاری کی۔ ایس ایس پی ٹریفک دیہی کشمیر کے ذریعہ جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق،منشیات مخالف ریلی اور پدیاترا کے دوران پلوامہ میں صبح4 بجے سے شام4 بجے تک واگم سرکلر روڈ کراسنگ سے بونورہ کراسنگ سے مورن اور راج پورہ چوک تک گاڑیوں کی آمدورفت مکمل طور پر معطل رہے گی۔
حکام نے عوام کو مشورہ دیا ہے کہ وہ ریلی کے دوران پلوامہ ٹاؤن کے اندر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور ٹریفک کی ہموار نقل و حرکت کیلئے متعین راستوں پر عمل کریں۔ایڈوائزری کے مطابق سری نگر، کاکاپورہ اور پامپور سے آنے والی شوپیاں اور پلوامہ جانے والی ٹریفک کو پرانے سرکلر روڈ کراسنگ کے ذریعے شوپیاں اور لتر علاقوں کی طرف موڑ دیا جائے گا۔اسی طرح نوگام، نیوہ اور وانپورہ سے شوپیاں اور پلوامہ کی طرف جانے والی گاڑیوں کو نیو سرکلر روڈ کے ذریعے مرن،کیلر،راج پورہ روڈ کی طرف موڑ دیا جائے گا۔شوپیاں اور پلوامہ علاقوں سے سری نگر جانے والی ٹریفک کو بونورہ کراسنگ پر پرانی اور نئی سرکلر سڑکوں سے سرینگر کی طرف موڑ دیا جائے گا۔ٹریفک پولیس نے مزید بتایا کہ ڈسٹرکٹ ہسپتال پلوامہ کی طرف جانے والی میڈیکل ایمرجنسی گاڑیوں کو صرف مورن چوک سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔ ادھر ٹریڈرس فیڈریشن پلوامہ نے اعلان کیا ہے کہ لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں ہونے والی ‘‘نشہ مکت بھارت ابھیان پدیاترا’’ کی حمایت میں 19 مئی کو قصبہ پلوامہ میں مکمل چھٹی رہے گی۔ تاجروں اور دکانداروں سے پروگرام میں بھرپور شرکت کی اپیل کی گئی ہے تاکہ منشیات کے خلاف عوامی بیداری کو فروغ دیا جا سکے۔11اپریل 2026کولیفٹنٹ گورنر منوج سنہا نے مولاناآزاد اسٹیڈیم جموںمیں ایک تقریب کے دوران نشے سے پاک جموں وکشمیر100روزہ مہم کااعلان کیا اور اب اس فعال مہم کے 38دن مکمل ہوگئے ہیں ،جس دورا ن جموں وکشمیر پولیس نے 900کے لگ بھگ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں نشہ آور اشیاء بشمول چرس ،افیون ،ہیروئین ،برائون شوگر ،فکی ،بھنگ اور نشہ آور ادویات کو بھی ضبط کیا۔مہم کے دورا ن کشمیر اورجموں ڈویڑن میں الگ الگ مقامات پر عادی اور بدنام منشیات اسمگلروںکی کروڑوں روپے مالیت کی جائیدادوں کو قرق اور مسمار کردیاگیا۔اس مہم کو آگے بڑھانے کیلئے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہانے ابتک نصف درجن سے زیادہ ضلعی صدر مقامات کا دورہ کرکے وہاں منشیات مخالف ریلیوں اور بیداری کے بارے میں نکالے جانے والے پیدل مارچوں کی قیاد ت کی۔