عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے زراعت ، دیہی ترقی ، پنچائتی راج ، کواپریٹو اور الیکشن ڈپارٹمنٹ جاوید احمد ڈار نے ماحولیاتی توازن کو برقرار رکھنے اور ابھرتے ہوئے آب و ہوا کے چیلنجوں سے نمٹنے میں پرندوں کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پرندوں کا تحفظ حیاتیاتی نظام کو مستحکم کرنے اور جموں و کشمیر جیسے نازک خطوں میں لچک کو مضبوط بنانے کیلئے ناگزیر ہے ۔
وزیر موصوف سکاسٹ کشمیر میں منعقدہ ایوئین بیالوجی پر قومی سمپوزیم کی اختتامی تقریب سے خطاب کر رہے تھے ۔ملک بھر سے سائنسدانوں ، تحفظ پسندوں ، محققین اور طلبا کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے یہ نوٹ کرتے ہوئے کہ مرکز کے زیر انتظام علاقے میں تقریباً 600 ریکارڈ شدہ پرندوں کی انواع اپنے آبی علاقوں ، جنگلات ، الپائن رہائش گاہوں اور ندیوں کے نظام میں موجود ہیں۔ وزیر نے جموں و کشمیر کی غیر معمولی ایوئین دولت پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ ان میں سے کئی انواع نایاب ، ہجرت کرنے والی اور رہائش کیلئے حساس ہیں ، جو اس خطے کو ہندوستان کے سب سے اہم حیاتیاتی تنوع کے ہاٹ سپاٹ میں سے ایک بناتی ہیں ۔ماحولیاتی تحفظ کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر حکومت خطے کے بھر پور قدرتی ورثے کے تحفظ اور ترقیاتی ماڈلز کو فروغ دینے میں ثابت قدم ہے جو اقتصادی ترقی کو ماحولیاتی استحکام کے ساتھ متوازن رکھتے ہیں ۔