عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// جموں و کشمیر اسمبلی میں پانچ اراکین کی نامزدگی سے متعلق اہم معاملے کی سماعت جمعہ کو ہائی کورٹ نے 17 جولائی تک کے لیے ملتوی کر دی۔ہائی کورٹ آف جموں کشمیر اینڈ لداخ کی، جسٹس سنجیو کمار اور جسٹس راجیش سیکھری پر مشتمل ڈوئژن بینچ نے جمعہ کو عوامی مفاد میں دائر کی گئی عرضی کی سماعت کی، جس میں جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں پانچ ایم ایل ایز کی نامزدگی کی دفعات کو چیلنج کیا گیا ہے۔ عدالت نے وقت کی کمی کے باعث معاملے کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی کر دی۔کل جب کیس سماعت کیلئے پیش ہوا تو بینچ نے درخواست گزار کے وکیل سے کہا کہ دیگر مقدمات کی فہرست ہونے کی وجہ سے اس معاملے کو کسی اور تاریخ پر سنا جائے کیونکہ “تفصیلی سماعت کیلئے وقت کم ہے۔”
درخواست گزار کے وکیل، سپریم کورٹ کے سینئر ایڈووکیٹ پی سی سین نے عدالت کی تجویز سے اتفاق کیا، جس کے بعد اگلی سماعت کی تاریخ 17 جولائی مقرر کی گئی۔ جون میں ہائی کورٹ کی تعطیلات کے بعد اب کیس پر مزید سماعت ہوگی۔یہ پی آئی ایل سابق ایم ایل سی اور جموں و کشمیر پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان اعلیٰ اور سینئر لیڈر رویندر شرما نے دائر کی ہے۔ گزشتہ دو سماعتوں کے دوران درخواست گزار کے وکیل اپنے دلائل پیش کر چکے تھے۔ وہیں کل پی سی سین کو مزید دلائل دینے تھے، تاہم سماعت ملتوی کر دی گئی۔