عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے جمعرات کو سرینگر کے اچھن میں انٹیگریٹڈ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ (ISWM) پروجیکٹ کے قیام کے لیے حکومت کی منظوری کا خیرمقدم کیا، اور اس اقدام کو ان رہائشیوں کے لیے ایک بڑی راحت قرار دیا جو علاقے میں مسلسل کوڑا کرکٹ پھینکنے کے بحران کی وجہ سے برسوں کی مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ایکس پر ایک پوسٹ میں، بخاری نے لکھا: “ایسا لگتا ہے کہ اچھن اور ملحقہ علاقوں کے لوگوں کی برسوں کی تکالیف اور انتھک جدوجہد کے بعد بالآخر ان کی آواز سنی گئی ہے۔ برسوں سے، مقامی آبادی کوڑا کرکٹ کے دائمی مسئلے کے بارے میں سرکاری بے حسی اور لاپرواہی کے خلاف احتجاج کر رہی ہے، جس نے صحت عامہ کے لیے ایک ناقابل تلافی ماحول پیدا کیا ہے۔
بدبو، آلودگی اور غیر صحت مند حالات نے کئی قریبی علاقوں کے مکینوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔بخاری نے کہا کہ گزشتہ ہفتے انہوں نے خود اچھن کے مقام پر صورتحال کی سنگینی کا مشاہدہ کیا۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو اب اس منصوبے پر بروقت عملدرآمد اور سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ لوگوں کو آخر کار اس طویل المیعاد خطرے سے نجات مل سکے۔”اس دوران کل پارٹی دفتر پر منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے الطاف بخاری نے کہا ہے کہ اپنی پارٹی جموں و کشمیر میں خواتین کی سماجی، معاشی، تعلیمی اور سیاسی بااختیاری کے لیے پرعزم ہے۔یہ تقریب سرکردہ سماجی و سیاسی رہنما صبیہ بٹ اور ان کے ساتھیوں کا اپنی پارٹی میں خیرمقدم کرنے کے لیے منعقد کی گئی تھی۔ صبیہ بٹ اس سے قبل سماج وادی پارٹی کی صوبائی جنرل سیکرٹری، رْکن سٹیٹ کمیٹی اور کپوارہ حلقہ انتخاب کیلئے انچارچ تھیں۔ ان تمام نئے اراکین کا تعلق ضلع کپوارہ باتر گام علاقے سے ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بخاری نے کہا، ’’مجھے یہ دیکھ کر خوشی ہو رہی ہے کہ جموں و کشمیر کی خواتین لیڈرشپ کا رول نبھانے میں دلچسپی لے رہی ہیں اور سماجی و سیاسی معاملات میں سرگرم کردار ادا کر رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا، ’’میرا پختہ یقین ہے کہ اپنی پارٹی کا خواتین ونگ جموں و کشمیر میں سماجی انصاف اور خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ اپنی پارٹی سیاست میں خواتین کی شرکت کی حوصلہ افزائی کرے گی، اور جو خواتین اس پلیٹ فارم کے ذریعے عوام کی خدمت کرنا چاہتی ہیں، ان کے لیے پارٹی کے دروازے ہمیشہ کھلے رہیں گے۔‘‘