عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//قائد حزب اختلاف سنیل کمار شرما نے بدھ کے روز کہا کہ سپیکر عبدالرحیم راتھر کی طرف سے ایوان کی9 میں سے8 کمیٹیوں کی صدارت حکمراں نیشنل کانفرنس کے زیرقیادت اتحاد کے ایم ایل ایز کو سونپنے کا فیصلہ جموں و کشمیر اسمبلی کو نیشنل کانفرنس کے ہیڈکوارٹر، نوائے صبح میں تبدیل کرنے کے اقدام کے مترادف ہے۔ ایک بیان میں سنیل شرما نے کہا کہ جموں و کشمیر اسمبلی جموں و کشمیر کے لوگوں کی ہے اور بی جے پی اسے کسی بھی پارٹی کی جاگیر میں تبدیل کرنے کے کسی بھی اقدام کی مزاحمت کرے گی۔انہوں نے کہا کہ”حکمران جماعت کے آٹھ ایم ایل ایز کو کمیٹیوں کے سربراہوں کے طور پر مقرر کرنے کا فیصلہ سراسر بلاجواز ہے اور جموں و کشمیر کے لوگوں کے مینڈیٹ کی توہین ہے”۔
انہوں نے مزید کہا کہ متناسب نمائندگی کے عالمی طور پر تسلیم شدہ اصول کو سپیکر نے پامال کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میں قواعد و ضوابط اور بزنس کے طرز عمل سپیکر کو ایوان کی کمیٹیوں کے چیئرمینوں کو نامزد کرنے کا اختیار دیتے ہیں، لیکن تمام فیصلوں میں صوابدید کو منصفانہ طور پر استعمال کیا جانا چاہیے۔انہوں نے کہا، “حکمران پارٹی کے پہلی بار ممبران اسمبلی کو مختلف کمیٹیوں کے سربراہ کے طور پر مقرر کیا گیا ہے، جب کہ اپوزیشن کے سینئر قانون سازوں کو نظر انداز کیا گیا ہے،” ۔انہوں نے کہا کہ حکمران اتحاد، 54 ایم ایل ایز کے ساتھ، 8 کمیٹیوں کی سربراہی کرے گا، جب کہ بی جے پی کو، 29 ایم ایل ایز کے ساتھ، صرف ایک کمیٹی کی صدارت دی گئی ہے۔سنیل شرما نے جموں و کشمیر گورننس پر عمر عبداللہ کی قیادت والی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ اس کا ہیڈکوارٹر میراتھن ٹریک اور گلمرگ کی سکی ڈھلوانوں کے درمیان کہیں پڑا ہوا ہے۔
شرما نے الزام لگایا کہ عمر عبداللہ کی حکومت کے دوران بدانتظامی اور بدعنوانی عروج پر ہے۔انہوں نے کہا”اگر آپ عمر عبداللہ یا ان کے وزرا کو تلاش کر رہے ہیں، تو سول سیکرٹریٹ نہ جائیں، آپ کو انہیں میراتھن ٹریک اور گلمرگ کے سکی ڈھلوانوں کے درمیان کہیں تلاش کرنا چاہیے،” ۔انہوں نے مزید الزام لگایا کہ عمر عبداللہ کی حکومت صرف اشرافیہ کے مفادات سے متعلق ہے، عام آدمی سے نہیں۔شرما نے کہا”عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت نے کشمیر کے امیروں کے مفادات کے تحفظ کے لیے لیز میں توسیع کا بل متعارف کرانے کی اجازت دی، جنہیں مونگ پھلی کے لیے زمین فراہم کی گئی ہے۔ دوسری طرف، اس نے جموں و کشمیر کے عام لوگوں کو درپیش مسائل پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں۔ شرما نے کہا کہ نیشنل کانفرنس ایک ڈوبتا ہوا جہاز ، جو کسی بھی وقت ڈوب جائیگا۔ جب کہ اس کے اراکین اسے چھوڑنے کے لیے بے چین ہیں، لیکن کوئی بھی انہیں قبول کرنے کے لیے تیار نہیں ہے۔ میں آپ کو اختیار کے ساتھ بتا سکتا ہوں کہ یہ حکومت اپنی پوری مدت نہیں چل پائے گی اور اس کا زوال شروع ہو چکا ہے،”