یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی حکومت نے خریف مارکیٹنگ سال 27-2026کیلئے کم از کم امدادی قیمت (ایم ایس پی)کا اعلان کر دیا ہے۔ ارہر کی قیمت میں سب سے زیادہ 450 روپے فی کوئنٹل جبکہ مونگ کی قیمت میں صرف 12 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بدھ کو یہاں کابینہ کے اس فیصلے کی معلومات دی۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال ارہر کی ایم ایس پی 8,000 روپے فی کوئنٹل رکھی گئی تھی، جو اب 450روپے کے اضافے کے بعد 8,450روپے فی کوئنٹل ہو گئی ہے۔ اسی طرح اڑد کی ایم ایس پی میں 400روپے بڑھائے گئے ہیں، جس سے اس کی قیمت 7,800روپے سے بڑھ کر 8,200روپے فی کوئنٹل ہو گئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ لاگت کے تناسب سے دیکھا جائے تو مونگ کے کسان کو اس کی 5,438روپے فی کوئنٹل لاگت پر 61فیصد زیادہ فائدہ ہوگا۔ اسی طرح ارہر کے کسان کو 54فیصد اور اڑد کے کسان کو 51فیصد فائدہ حاصل ہوگا۔ عام دھان اور گریڈاے دھان کی قیمتوں میں 72 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے۔مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے بدھ کو یہاں کابینہ کے اس فیصلے کی معلومات دی۔ اناج میں سب سے زیادہ اضافہ راگی میں 319 روپے فی کوئنٹل کیا گیا ہے، جبکہ سب سے کم اضافہ مکئی میں ہوا ہے جہاں صرف 10 روپے فی کوئنٹل بڑھائے گئے ہیں۔ مرکزی حکومت کے اس فیصلے کے بعد دھان کی نئی امدادی قیمت 2,441 روپے فی کوئنٹل ہو گئی ہے، جبکہ گریڈ-اے دھان کے لیے کسانوں کو 2,461 روپے فی کوئنٹل کے حساب سے ادائیگی کی جائے گی۔ اس کے علاوہ باجرہ کی کم از کم امدادی قیمت میں 125 روپے فی کوئنٹل کا اضافہ کیا گیا ہے، جس سے اس کی ایم ایس پی بڑھ کر 2,900 روپے فی کوئنٹل ہو گئی ہے۔