عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// تاریخی ’’خیبر رن فار شہر خاص 2026‘‘ سے قبل جموں و کشمیر کے وزیر کھیل ستیشن شرما اور رکنِ اسمبلی زیڈی بل تنویر صادق نے بدھ کو سرینگر میں منعقدہ میں 10کلو میٹر ہیریٹیج رَن کی خصوصی جرسی کی رونمائی انجام دی۔17 مئی کو منعقد ہونے والی یہ دوڑ تقریباً ایک دہائی بعد ’’رَن فار شہرِ خاص‘‘ کی بحالی تصور کی جا رہی ہے۔ فوکن اسپورٹس اور KSW کے اشتراک سے منعقد ہونے والے اس ایونٹ کیلئے رجسٹریشن محض 48 گھنٹوں میں مکمل ہوگئی جبکہ کشمیر بھر سے تقریباً 150پروفیشنل ایتھلیٹس کی شرکت متوقع ہے۔یہ رَن بادام واری سے شروع ہوکر شہرِ سرینگر کے کئی تاریخی علاقوں سے گزرتے ہوئے اسلامیہ کالج حول میں اختتام پذیر ہوگی۔ تمام شرکاء کو فنشر میڈلز، ٹی شرٹس اور سرٹیفکیٹس فراہم کئے جائیں گے۔
اس موقع پر تنویر صادق نے کہا کہ اس ایونٹ کا مقصد شہرِ خاص کے ثقافتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوانوں میں صحت مند طرزِ زندگی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیل اور فٹنس سرگرمیاں نوجوانوں کو منشیات سے دور رکھنے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہیں۔وزیرِ کھیل ستیش شرما نے منتظمین کی سراہنا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کی قیادت میں جموں و کشمیر میں کھیلوں کے کلچر کو فروغ دینے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔