عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پیپلز کانفرنس کے صدر اور ہندوارہ کے ایم ایل اے سجاد لون نے منگل کے روز محکمہ تعمیراتِ عامہ (R&B) کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس پر سی اینڈ ٹی (C&T) سیکٹر کے تحت سڑکوں کے منصوبوں کی ان کی سرکاری فہرست میں جان بوجھ کر ردوبدل کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ ان کی تجویز کردہ سڑکوں کو بے دردی سے حذف کر دیا گیا ہے اور ان کی جگہ ایسی سڑکیں شامل کی گئی ہیں جن کی ان کے دفتر نے کبھی تجویز یا منظوری نہیں دی تھی۔
وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے سجاد لون نے کہا کہ یہ اقدام ایک منتخب نمائندے کی تذلیل اور اسے کمتر ثابت کرنے کے مترادف ہے۔حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے، سجاد لون نے سوال کیا کہ وزیر اعلیٰ ایسی بیوروکریٹک مداخلت کی اجازت کیوں دے رہے ہیں جو ایم ایل اے کے اختیارات کو کمزور کرتی ہے۔انہوں نے حکمران طبقے پر الزام لگایا کہ وہ دہلی کے سامنے ذلت آمیز غلامی کا مظاہرہ کر رہے ہیں، جبکہ جموں و کشمیر کے اندر وہ جمہوری اداروں کو کمزور کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا”آپ دہلی کے سامنے گھٹنے ٹیک دیتے ہیں اور ذلت آمیز غلامی کا مظاہرہ کرتے ہیں، اور یہاں آپ ایک ایم ایل اے کے ادارے کو بے وقعت کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے وزیر اعلیٰ پر براہ راست طنز کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی جرات کا مظاہرہ دہلی کے سامنے کیا جانا چاہیے نہ کہ ہندوارہ میں سڑکوں کی الاٹمنٹ کے ذریعے۔انہوں نے کہا اگر آپ میں مردانگی ہے اور آپ اپنی بہادری کے جوہر دکھانا چاہتے ہیں، تو انہیں دہلی میں دکھائیں، ہندوارہ کی سڑکوں کی الاٹمنٹ میں نہیں۔