عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کل پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود، پارٹی کارکنان، عہدیداران اور لیڈران سے تبادلہ خیالات کرتے ہوئے مردم شماری کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ محض ایک سرکاری عمل نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے حقوق، شناخت اور وسائل کے تحفظ سے جڑا ایک انتہائی اہم قومی فریضہ ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ مردم شماری کے دوران اپنے اہل خانہ، مذہب، مادری زبان، تعلیمی قابلیت، املاک اور دیگر تمام ضروری تفصیلات درست انداز میں درج کرائیں تاکہ مستقبل میں کسی بھی قسم کی پیچیدگی یا حق تلفی سے بچا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس کے کارکنان ماضی کی طرح اس بار بھی گھر گھر جاکر عوام کو مردم شماری کی افادیت اور اہمیت سے آگاہ کریں گے تاکہ کوئی بھی پشتینی باشندہ اندراج سے محروم نہ رہے۔ فاروق عبداللہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جموں وکشمیر کو ملک کی واحد مسلم اکثریتی ریاست ہونے کا ایک منفرد تاریخی اور آئینی مقام حاصل رہا ہے، جس کے تحفظ کیلئے ہر سطح پر بیداری اور اتحاد ناگزیر ہے۔ فاروق عبداللہ نے مرکزی حکومت سے پْرزور مطالبہ کیا کہ جموں وکشمیر کا ریاستی درجہ جلد از جلد بحال کیا جائے تاکہ یہاں کی منتخب عوامی حکومت صحیح معنوں میں بغیر کسی رکاوٹ کے عوام کی خدمت انجام دے سکے اور ترقیاتی و فلاحی عمل کو مزید مؤثر اور مضبوط بنایا جاسکے۔ اس موقعے پر صوبائی صدر ایڈوکیٹ شوکت احمد میر ،ایم ایل اے حبہ کدل ایڈوکیٹ شمیمہ فردوس، ایم ایل اے حضرتبل سلمان علی ساگر، صوبائی سکریٹری سید توقیر احمد،پیر آفاق احمد ، انجینئر صبیہ قادری، جگدیش سنگھ آزاد، صوبائی یوتھ صدر مشتاق احمدمیر بھی ڈاکٹر فاروق سے ملاقی ہوئے۔