عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//فوڈ سیفٹی ڈپارٹمنٹ نے پیر کے روز سرینگر شہر کے ایک معروف ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا۔ یہ کارروائی اس وقت عمل میں لائی گئی جب ایک گاہک نے آن لائن شکایت درج کراتے ہوئے الزام لگایا کہ اسے چکن بریانی میں ایک کیڑا ملا۔شکایت کے مطابق گاہک ہفتے کے روز ریسٹورنٹ گیا تھا جہاں اس نے چکن بریانی آرڈر کی۔ کھانے کے دوران اس نے مبینہ طور پر بریانی میں کیڑا(کاکروچ) دیکھا۔ گاہک کا یہ بھی الزام ہے کہ معاملہ اٹھانے پر ریسٹورنٹ عملے نے معذرت کرنے کے بجائے اس کے ساتھ بدسلوکی کی اور دوبارہ ریسٹورنٹ نہ آنے کو کہا۔شکایت کنندہ نے تصاویر بھی فوڈ سیفٹی محکمہ کو فراہم کیں، جس کے بعد حکام نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کو سیل کر دیا۔حکام کے مطابق وادی کشمیر میں غیر معیاری اور غیر صحت بخش خوراک کے خلاف مہم جاری ہے، اور حالیہ مہینوں میں کئی ریسٹورنٹس اور فوڈ آئوٹ لیٹس کے خلاف کارروائی کی جا چکی ہے۔