عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے زرعی پیداوار ، دیہی ترقی و پنچایتی راج ، اِمدادِ باہمی اور الیکشن محکمہ جات جاوید احمد ڈار نے عوام دوست اور جوابدہ طرزِ حکمرانی کے تئیں حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کل یہاں سول سیکرٹریٹ میں صوبہ کشمیر کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے متعدد عوامی وفود سے ملاقات کی اور ان کے ترقیاتی مسائل سْنے۔وفود نے وزیرموصوف کو سڑکوں اور گلیوں کی مرمت و اَپ گریڈیشن، تبادلوں سے متعلق معاملات، آبپاشی کے لئے مناسب پانی کی فراہمی اور اَپنے اَپنے علاقوں کی دیگر ترقیاتی ضروریات سے آگاہ کیا۔وزیر نے وفود کی طرف سے پیش کردہ تمام مسائل کو بغورسْنا اور انہیں یقین دلایا کہ تمام حقیقی مسائل کو متعلقہ محکموں کے ساتھ قریبی تال میل کے ذریعے بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیا جائے گا۔ ڈار نے کہا کہ عوامی شکایات کا ازالہ حکومت کی اوّلین ترجیح ہے اور اِس بات پر زور دیا کہ شفاف، جوابدہ اور مؤثر طرز حکمرانی کو یقینی بنانے کے لئے مسلسل عوامی رسائی اور روبرو بات چیت ضروری ہے۔وزیرموصوف نے متعلقہ اَفسران کو مزید ہدایت دی کہ اْٹھائے گئے مسائل کا فوری نوٹس لے کر اْن کے جلد از جلد حل کے لئے ضروری اَقدامات شروع کئے جائیں۔