شوکت حمید
سرینگر// حکومت کی جانب سے متوازن ٹرانسپورٹ پالیسی کی یقین دہانی کے بعد کشمیر کے ٹرانسپورٹروں نے 12 مئی کی مجوزہ ہڑتال موخر کر دی ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ ستیش شرما کے ساتھ کل ہوئی میٹنگ کے بعد ٹرانسپورٹروں نے یہ فیصلہ لیا ۔منی بس آپریٹرس یونین کے صدر محمد یوسف نے اس نامہ نگار کو بتایاکہ سمارٹ سٹی بسوں، گرین ٹیکس، روٹ پرمٹ اور دیگر زیر التوا مطالبات سمیت اہم مسائل کا جائزہ لینے کیلئے حکومت نے ایک کمیٹی تشکیل دی ہے اور وزیر ٹرانسپورٹ نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل پر غور کیا جائے گا جس کے بعد ٹرانسپورٹروں نے 12مئی کی مجوزہ ہڑتال کو فی الحال موخر کردیا ۔انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹر سمارٹ سٹی بس سروس کے خلاف نہیں ہے تاہم حکومت کو یہاں کے ٹرانسپورٹروں کے خدشات اور مسائل کو سمجھنا ہوگا کیونکہ یہ سیکٹر گذشتہ کئی برسوں سے سب سے زیادہ شکار ہوا ہے ۔
ٹرانسپورٹ وزیرستیش شرما نے کل صوبہ کشمیر کی مختلف ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں اور یونینوں کے نمائندوں کے ساتھ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کی جس میں ٹرانسپورٹ سیکٹر سے متعلق مختلف مسائل پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اور جموں و کشمیر میں ایک متوازن،دیرپا اور عوام دوست ٹرانسپورٹ نظام کو یقینی بنانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔میٹنگ میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ، کمشنر سری نگر میونسپل کارپوریشن، ٹرانسپورٹ کمشنر، ڈائریکٹر فائنانس ٹرانسپورٹ ڈیپارٹمنٹ، ایڈیشنل سیکرٹری ٹرانسپورٹ، ریجنل ٹرانسپورٹ آفیسر کشمیر، جوائنٹ ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ سٹیٹسٹکس محکمہ ٹرانسپورٹ سمیت دیگر اعلیٰ افسران اور صوبہ کشمیر کی مختلف ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنوں و یونینوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ٹرانسپورٹ تنظیموں کے نمائندوں نے پبلک ٹرانسپورٹ آپریشنوں، سمارٹ سٹی بس سروس، جے اینڈ کے آر ٹی سی آپریشنز، ٹریفک مینجمنٹ، ٹرانسپورٹ ریگولیشنز اور پرائیویٹ ٹرانسپورٹروںکے روزگار سے متعلق مسائل کے علاوہ جموں و کشمیر میں مفت پبلک ٹرانسپورٹ خدمات کے لئے بسوں کی مجوزہ خریداری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتی سطح پر بڑے پیمانے پرمفت ٹرانسپورٹ سروسز کی توسیع متوازن انداز میں کی جانی چاہیے تاکہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹروں کی روزی روٹی اور کاروبار متاثر نہ ہو۔میٹنگ میں ایک اور اہم مسئلہ جموں و کشمیر میں باہر رجسٹرڈ گاڑیوں کی ٹرانسپورٹ آپریشن سے متعلق اُٹھایا گیا۔ نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی طور پر باہر رجسٹرڈ گاڑیوں کی آپریشن پر سخت قوانین کے مطابق پابندی عائد کی جائے تاکہ مقامی ٹرانسپورٹروں کے مفادات کا تحفظ کیا جا سکے۔ٹرانسپورٹروں نے یہ بھی مطالبہ کیا کہ سمارٹ سٹی بسیں صرف سری نگر میونسپل حدود کے اندر ہی چلائی جائیں اور انہیں مخصوص علاقوں سے باہر آپریشن کی اجازت نہ دی جائے تاکہ پرائیویٹ ٹرانسپورٹ خدمات کا کام متاثرنہ ہوسکے۔ وزیر ٹرانسپورٹ ستیش شرمانے ان خدشات کا نوٹس لیتے ہوئے ہدایت دی کہ چیف ایگزیکٹیو آفیسرسری نگر سمارٹ سٹی کارپوریشن کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی جائے جو سری نگر شہر کی میونسپل حدود سے باہر روٹوں کی توسیع کے معاملے کا جائزہ لے کر مناسب سفارشات پیش کرے۔ ای۔رکشاؤں کی تعداد پر نمائندوں نے یک شخص، ایک رجسٹریشن‘‘ کے اصول کو اَپنانے کا مشورہ دیا اور مطالبہ کیا کہ ایک فرد کے نام پر متعدد رجسٹریشن کی اِجازت نہیں ہونی چاہیے۔میٹنگ میں وزارتِ روڈ ٹرانسپورٹ اینڈ ہائی ویز (ایم او آر ٹی ایچ) کی طرف سے گرین ٹیکس میں اضافے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ حکام اس معاملے کا تفصیلی جائزہ لیں گے۔