عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر میں حکمراں اتحاد کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی کے درمیان کانگریس کے سینئر رہنما اور ڈورو شاہ آباد سے رکن اسمبلی غلام احمد میرنے نیشنل کانفرنس کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی اتحادی جماعت کانگریس کے خدشات، خواہشات اور سیاسی موقف کا مکمل احترام کرے اور اہم معاملات میں اسے اعتماد میں لیا جائے۔جمعرات کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ عوامی اور سیاسی اہمیت کے تمام معاملات میں نیشنل کانفرنس کو کانگریس کے ساتھ بہتر رابطہ اور مشاورت برقرار رکھنی چاہیے تاکہ اتحاد مضبوط اور مؤثر انداز میں کام کر سکے۔انہوں نے کہا کہ اتحادی حکومتوں میں باہمی احترام، مشاورت اور ہم آہنگی بنیادی اہمیت رکھتے ہیں، کیونکہ اسی کے ذریعے بہتر طرزِ حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔غلام احمد میر نے کہا،’’نیشنل کانفرنس اپنے اتحادی کی آواز کو نظر انداز کرنے کی متحمل نہیں ہو سکتی۔ اتحاد کو فعال اور بامعنی بنانے کے لیے ہماری خواہشات اور خدشات کا مکمل احترام ضروری ہے۔‘‘