بلا شبہ دین ِاسلام نے انسان کے لئے ایک وسیع تر معاشرتی دائرہ بھی تعین کرکے رکھا ہے، جس میں رشتہ دار، پڑوسی،غرباء، یتیم اور ضرورت مند افراد شامل ہیں۔ اس معاشرتی دائرے میںمال و دولت کا استعمال انسان کے لئے محض ذاتی فائدے تک محدود نہیں رہتا بلکہ معاشرے کے کمزور طبقات کی مدد کے ذریعے ایک متوازن اور ہم آہنگ سماج کی تشکیل کا ذریعہ بنتا ہے۔ یہی وہ تصور ہے جسے اسلامی اصطلاح میں’انفاق‘ کہا جاتا ہے،یعنی اللہ کی رضا کے لیے مال کو خرچ کرنا۔
چنانچہ نظامِ انفاق دراصل اسلامی معاشرت کی روح اور ایک ایسا مربوط نظام ہے، جس کے ذریعے دولت کو چند ہاتھوں میں سمٹنے سے روکا جاتا ہے اور اسے معاشرے میں گردش میں رکھا جاتا ہے۔ظاہر ہے کہ زکوٰۃ ہر صاحبِ نصاب مسلمان پر فرض ہے،جو نہ صرف غریبوں کی مدد کا ذریعہ ہے بلکہ یہ دولت کی تطہیر اور معاشی توازن کا ایک مؤثر نظام بھی ہے۔ اس کے ذریعے معاشرے کے کمزور افراد کو سہارا ملتا ہے اور دولت کی غیر منصفانہ تقسیم کا ازالہ ہوتا ہے۔اسی طرح کفارات، نذریں اور دیگر مالی ذمہ داریاں بھی انفاق کے دائرے میں شامل ہیں، جو انسان کو اس بات کا احساس دلاتی ہیں کہ اس کا مال صرف اس کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ ایک اجتماعی امانت بھی ہے۔ ان واجبات کے ذریعے انسان نہ صرف اپنی غلطیوں کا ازالہ کرتا ہے بلکہ دوسروں کے لیے آسانیاں پیدا کرنے کا ذریعہ بھی بنتا ہے۔اسلام نے انفاق کو صرف لازمی حدود تک محدود نہیں رکھا بلکہ اس کے استحبابی پہلو کو بھی بہت وسعت دی ہے۔ عام صدقات، خیرات، تحائف، وقف اور صدقہ جاریہ جیسی صورتیں اس بات کی دلیل ہیں کہ اسلام ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا چاہتا ہے جہاں ہر فرد دوسرے کے لیے نفع بخش ہواور انسان کی پوری زندگی خیر و بھلائی کا پیکر بن جائے۔خصوصی طور پر صدقہ جاریہ کا تصور نہایت گہرا اور دور رس ہے۔ یہ وہ عمل ہے جس کا اثر انسان کی زندگی کے بعد بھی باقی رہتا ہے۔ تعلیمی اداروں کا قیام، پانی کے وسائل کی فراہمی، رفاہی منصوبے اور دیگر اجتماعی خدمات اس مزاج اور جذبہ سے مزید پروان چڑھ سکتے ہیں۔ اسی طرح وقف کا نظام بھی اسلامی معاشرت کا ایک روشن باب ہے، جس کے ذریعے افراد اپنی جائیداد کو اجتماعی فلاح کے لیے وقف کر دیتے ہیں اور اس کا فائدہ نسل در نسل جاری رہتا ہے۔ اسلام صرف خرچ کرنے کا حکم نہیں دیتا بلکہ اس کے طریقہ کار اور نیت کو بھی اہمیت دیتا ہے۔ اخلاص اس نظام کی بنیاد ہے۔ اگر انفاق میں دکھاوا، ریاکاری یا احسان جتلانے کا عنصر شامل ہو جائے تو اس کی روح متاثر ہو جاتی ہے۔ اسی طرح اعتدال کو بھی بنیادی اصول قرار دیا گیا ہے،نہ فضول خرچی کی اجازت ہے اور نہ ہی بخل کی۔
گویاایک متوازن طرزِ زندگی ہی وہ راستہ ہے جو انسان کو حقیقی کامیابی کی طرف لے جاتا ہے۔یہی توازن اسلامی معاشی نظام کو ایک مکمل اور عملی نظام بناتا ہے۔ اس میں فرد کی آزادی بھی محفوظ ہے اور معاشرے کے حقوق بھی۔ یہ نہ تو سرمایہ داری کی طرح بے لگام آزادی دیتا ہے اور نہ ہی اشتراکیت کی طرح فرد کی ملکیت کو مکمل طور پر ختم کرتا ہے بلکہ ایک معتدل راستہ اختیار کرتا ہے، جس میں دونوں پہلوؤں کا لحاظ رکھا گیا ہے۔آج کے دور میں جب دنیا شدید معاشی عدم توازن، دولت کی غیر منصفانہ تقسیم اور بڑھتی ہوئی غربت جیسے مسائل سے دوچار ہے، اسلامی نظامِ انفاق کو ایک مؤثر اور قابلِ عمل حل کہا جاسکتا ہے۔ اگر اس نظام کو صحیح روح کے ساتھ اپنایا جائے تو نہ صرف معاشی مسائل کا حل ممکن ہے بلکہ ایک ایسا معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جہاں عدل، مساوات اور باہمی ہمدردی کا غلبہ ہو،اور اس طرح یہ کہا جاسکتا ہے کہ مال نہ تو بذاتِ خود خیریا شرنہیں، بلکہ اس کا استعمال اسے خیر یا شر بناتا ہے۔ اسلام انسان کو یہ سکھاتا ہے کہ وہ اپنے مال کو ایک امانت سمجھ کر استعمال کرے، اس کے ذریعے اپنی اور دوسروں کی زندگیوں میں بہتری لائے اور اسے اللہ کی رضا کے حصول کا ذریعہ بنائے۔