محکمہ صحت و طبی تعلیم میں 150 اسامیوں کی بھرتی ڈیڑھ ماہ کے اندراندر
سرینگر//وزیر برائے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم محکمہ جات سکینہ ِایتو نے کل ایک اعلیٰ سطحی جائزہ میٹنگ میں جموں و کشمیر سروسز سلیکشن بورڈ (جے کے ایس ایس بی ) کی جانب سے مختلف محکموں جیسے صحت و طبی تعلیم، سماجی بہبود اور تعلیم کے علاوہ شیر کشمیر اِنسٹی چیوٹ آف میڈیکل سائنسز ( سکمز) صورہ میں جاری بھرتی کے عمل کا جائزہ لیا ۔میٹنگ میں چیئرمین جے کے ایس ایس بی وِکاس کنڈل، سیکرٹری جے کے ایس ایس بی خورشید احمد ثنائی، ایڈیشنل ڈائریکٹر سکمزظہور احمد میر ، کنٹرولر اِمتحانات جے کے ایس ایس بی، ڈائریکٹر فائنانس محکمہ صحت و طبی تعلیم، مختلف محکموں کے نمائندگان اور دیگر اَفسران نے شرکت کی۔دوران میٹنگ وزیر موصوفہ نے مختلف محکموں میں مختلف زُمروں کی خالی اَسامیوں کو پُرکرنے میں ہوئی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ میٹنگ میں شفاف اور میرٹ پر مبنی بھرتی کے عمل کو تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا تاکہ صحت اِداروں اور متعلقہ محکموں میں اَفرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔دورانِ میٹنگ چیئرمین جے کے ایس ایس بی نے بتایا کہ گزشتہ 18 ماہ میں مختلف محکموں میں 5789 تقرریاں مکمل کی گئی ہیں۔اُنہوں نے بتایا کہ یہ تقرریاں مختلف زُمروں پر مشتمل ہیں جن میں تکنیکی، پیرا میڈیکل، اِنتظامی اور معاون عملے کی اسامیوں کے علاوہ محکمہ صحت و طبی تعلیم، محکمہ تعلیم اور دیگر اہم محکموں کی اَسامیاں شامل ہیں جس سے نچلی سطح پر خدمات کی فراہمی کی صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
چیئرمین موصوف نے مزید جانکاری دی کہ گزشتہ ماہ زائد اَز 700 جونیئر اِنجینئر (جے اِی) کی تقرریاں مکمل کی گئی ہیںجو اہم شعبوں کو مضبوط بنانے کی جانب ایک بڑی پیش رفت ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ماہ زائد اَز 700 جونیئر اِنجینئر (جے اِی) کی تقرریاں مکمل کی گئی ہیں۔اُنہوں نے وزیر موصوفہ کو یقین دِلایا کہ محکمہ صحت و طبی تعلیم میں 150 سے زائد اَسامیوں پر تقرریاں ڈیڑھ ماہ کے اندر مکمل کی جائیں گی۔چیئرمین نے میٹنگ کو مزیدبتایاکہ جے کے ایس ایس بی کے پاس اس وقت تقریباً 12,997 اَسامیاں دستیاب ہیں جن میں 6,109 غیر مشتہر، 6,170 اِمتحانی مرحلے میں جبکہ 373 تقرری کے مرحلے میں ہیں۔سکینہ ایتو نے اَفسران سے خطاب کرتے ہوئے بھرتی کے عمل میں کارکردگی، جوابدہی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ اُنہوں نے بھرتی کے عمل کے دوران شفافیت کو برقرار رکھنے اور مقررہ وقت کی پابندی کرنے پر زور دیا۔اُنہوں نے صحت نگہداشت کو مضبوط بنانے کے لئے حکومت کے عزم کو اُجاگر کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ خالی اَسامیوں کو پُر کرنا اوّلین ترجیح ہے۔وزیر موصوفہ نے جے کے ایس ایس بی کے بھرتی عمل کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیتے ہوئے جے کے ایس ایس بی اِنتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ مشتہر شدہ اَسامیوں کے لئے درخواست فیس میں کمی کے امکانات کا جائزہ لیں۔ اُنہوں نے دیگر ریاستوں اور یوٹیزکی سرکاری بھرتی ایجنسیوں کے فیس ڈھانچے کا مطالعہ کرنے اور اُمیدواروں کی جانب سے فیس میں کمی کے بڑھتے مطالبات کا جائزہ لینے کی بھی ہدایت دی۔