عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کرائم برانچ جموں و کشمیر کی اقتصادی جرائم ونگ نے بھرتی دھوکہ دہی کے خلاف اپنے کریک ڈائون کو تیز کر دیا ہے۔اس سلسلے میں پہلے ہی ایف آئی آر نمبر 19/2017 درج کیا گیا ہے۔اس ضمن میں کرائم ونگ نے اس کیس کے سرغنہ کو حراست میں لیا ہے۔گرفتار ملزم کی شناخت شاہنواز احمد میر کے طور پر کی گئی ہے جو محکمہ صحت میں ایک سینئر اسسٹنٹ اور ٹنکی پورہ شہید گنج سری نگر کا رہائشی ہے۔ اس پر ہیلتھ ایجوکیٹر بھرتی گھوٹالہ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا الزام ہے۔یہ معاملہ ڈپٹی ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز کشمیر کے ایک مواصلت کے بعد شروع ہوا، جس میں انکشاف کیا گیا تھا کہ بڈگام کے مازہامہ کے بشیر احمد صوفی نے جعلی ٹرانسفر آرڈرز اور من گھڑت آخری تنخواہ کا سرٹیفکیٹ بنا کر ہیلتھ ایجوکیٹر کے طور پر اپنی تقرری کو دھوکہ دہی سے حاصل کیا تھا۔تحقیقات سے پتہ چلا کہ ملزم نے غیر قانونی طور پر بلاک شیری، بارہمولہ میں سرکاری ملازمت میں داخلہ لیا تھا اور بعد ازاں تنخواہ لی تھی، جس کے نتیجے میں سرکاری خزانے کو غلط نقصان پہنچا۔حکام نے مزید بتایا کہ شاہنواز احمد میر اسی طرح کے متعدد کیسز میں ملوث ہیں جن میں سے کچھ کی تفتیش جاری ہے جبکہ دیگر کے خلاف پہلے ہی چارج شیٹ کی جا چکی ہے۔