عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی ستیش شرما نے کل جموں و کشمیر بھر میںشمسی توانائی کے اِستعمال کو تیز کرنے کے لئے حکومت کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور حکام کو ہدایت دی کہ جاری اور مجوزہ سولرمنصوبوں سے متعلق تمام مسائل کو وقت پر حل کیا جائے۔سولر ایسوسی ایشن کے ایک وفد نے وزیرموصوف سے ملاقات کی اور خطے میں قابلِ تجدید توانائی کے فروغ سے متعلق اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر نے وفد کو حکومت کی طرف سے بالخصوص دْور دراز اور پسماندہ علاقوں میں روف ٹاپ سولر سسٹم کی تنصیب میں سہو لیت فراہم کرنے میں مکمل تعاون کا یقین دِلایا۔اْنہوں نے شمسی توانائی کی تزویراتی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ صاف توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو وسعت دینا حکومت کے اس ویڑن کا مرکزی حصہ ہے جس کا مقصد ایک دیرپا، توانائی کے لحاظ سے مؤثر اور ماحولیاتی طور پر ذِمہ دار جموں و کشمیر کی تعمیر کرناہے۔اْنہوں نے کہا کہ شمسی توانائی کو اَپنانے میں اِضافے سے نہ صرف توانائی کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی بلکہ توانائی کے روایتی ذرائع پر انحصار بھی کم ہو گا۔