عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر //لفٹینٹ گورنر منوج سنہا نے لوک بھون سرینگر میں مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے وائلڈ لائف بورڈ کی ساتویں میٹنگ کی صدارت کی۔میٹنگ میں جل شکتی ، جنگلات و ماحولیات اور قبائلی امور کے وزیر جاوید احمد رانا ، ممبرانِ قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر دیویندر کمار منیال اور میاں مہر علی ، چیف سیکرٹری ، لفٹینٹ گورنر کے پرنسپل سیکرٹری ، کمشنر سیکرٹری جنگلات و ماحولیات ، جنگلات کے پرنسپل چیف کنزرویٹر اور فاریسٹ فورس کے سربراہ ، پی سی سی ایف اور چیف وائلڈ لائف وارڈن ، نامور کنزرویشنسٹ ، ماہرین ماحولیات ، فوج کے نمائندے ، جنگلی حیات کے شعبے میں کام کرنے والی این جی اوز اور بورڈ کے دیگر اراکین نے شرکت کی۔
بورڈ نے کلیدی تحفظ اور ترقی کے معاملات پر غور کیا اور گلمرگ وائلڈ لائف سینکچری ، بارہمولہ میں آشا۔ چیمہ۔ گرد لیگلی۔ افراوت۔ سرسن۔ انیتا روڈ کی تعمیر کو منظوری دی۔ اب وائلڈ لائف کلیئرنس دینے کیلئے نیشنل بورڈ فار وائلڈ لائف کی اسٹیڈنگ کمیٹی کو تجویز کی سفارش کی کی جائے گی۔ لفٹینٹ گورنر نے ماحولیاتی استحکام کے ساتھ ترقیاتی ضروریات کو متوازن کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے جموں و کشمیر کی منفرد حیاتیاتی تنوع کے تحفظ اور اسے مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔بورڈ کو مرکز کے زیر انتظام علاقے میں جنگلی حیات کے وسائل کے تحفظ کیلئے محکمے کی جانب سے کئے گئے مختلف اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔