یو این آئی
دمام/سعودی پرو لیگ میں النصر کی مسلسل 16 فتوحات کا سلسلہ ٹوٹ گیا۔ اتوار کے روز پرنس محمد بن فہد اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں برینڈن راجرز کی ٹیم القادسیہ نے النصر کو 3-1 سے ہرا کر ٹائٹل کی دوڑ کو ایک نیا رخ دے دیا ہے ۔
جنوری کے بعد النصر کی یہ پہلی شکست ہے ۔میچ کے 24 ویں منٹ میں القادسیہ کے ونگ بیک محمد ابو الشامات نے پہلا گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔ 39 ویں منٹ میں جواؤ فیلکس نے مارسیلو بروزووچ کے پاس پر گول کر کے اسکور برابر کر دیا۔ دوسرے ہاف میں القادسیہ نے النصر کی دفاعی غلطیوں کا بھرپور فائدہ اٹھایا۔ 55 ویں منٹ میں مصعب الجویر نے برتری بحال کی، جبکہ 78 ویں منٹ میں اسٹار اسٹرائیکر جولیان کوئینونز نے تیسرا گول کر کے النصر کی شکست پر مہر ثبت کر دی۔اس شکست کے باوجود النصر 79 پوائنٹس کے ساتھ ٹیبل پر پہلے نمبر پر برقرار ہے ، لیکن اب ان کی پوزیشن خطرے میں ہے ۔اگر الہلال اپنا اگلا میچ جیت جاتا ہے تو النصر اور ان کے درمیان صرف 2 پوائنٹس کا فرق رہ جائے گا۔ 12 مئی کو ہونے والا النصر اور الہلال کا آمنا سامنا اب اس سیزن کا سب سے اہم ترین میچ بن گیا ہے جو ٹائٹل کا فیصلہ کر سکتا ہے ۔ اس جیت کے بعد القادسیہ کے 68 پوائنٹس ہو گئے ہیں اور وہ ایشین چیمپئنز لیگ ایلیٹ میں جگہ بنانے کی دوڑ میں شامل ہے ۔ الاہلی نے الاخدود کو 4-0 سے شکست دی، جس کے نتیجے میں الاخدود رواں سیزن میں ریلیگیٹ (لیگ سے باہر) ہونے والی دوسری ٹیم بن گئی ہے ۔ التعاون نے الشباب کو 5-1 سے عبرت ناک شکست دے کر براعظمی مقابلوں کے لیے اپنی پوزیشن مستحکم کر لی۔