عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// سرینگر میں لیفٹیننٹ گورنر کی قیادت میں ’نشہ مکت بھارت ابھیان‘کے تحت لالچوک سے ٹی آر سی گراؤنڈ تک ایک بڑی ریلی کا انعقاد کیا گیا، جس کے پیش نظر صبح کے اوقات میں ٹریفک کیلئے متبادل راستے مقرر کیے گئے تھے۔ ان انتظامات کی وجہ سے شہر کے مرکزی علاقے لال چوک میں لگنے والی سنڈے مارکیٹ صبح کے وقت نہیں لگ سکی۔عینی شاہدین کے مطابق صبح کے اوقات میں لالچوک کے بیشتر علاقے سنسان نظر آئے اور عام دنوں کے برعکس دکانداروں نے اپنے اسٹال نہیں لگائے۔ تاہم جیسے ہی یہ ریلی اپنے اختتام کو پہنچی اور ٹریفک کی صورتحال معمول پر آئی، لال چوک میں سنڈے مارکیٹ دوبارہ آباد ہونا شروع ہو گئی۔دوپہر کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے لال چوک کی فضا بدل گئی اور سنڈے مارکیٹ اپنی روایتی چہل پہل کے ساتھ پوری آب و تاب سے سج گئی۔ مختلف اشیاء فروخت کرنے والے چھابڑی فروشوں نے اپنے اسٹال لگا لیے، جبکہ خریداروں کی بڑی تعداد بھی بازار کا رخ کرنے لگی۔