فیاض بخاری
بارہمولہ// بارہمولہ ضلع میں مختلف سرکاری محکموں سے آئے روز سینکڑوں ملازمین کی سبکدوشی کے بعد صورتحال سنگین ہے، جس کے باعث عوام کو بنیادی سہولیات کے حصول میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ذرائع کے مطابق محکمہ صحت، تعلیم، بلدیات، پی ایچ ای اور دیگر اہم شعبوں میں بڑی تعداد میں ملازمین ریٹائر ہو رہے ہیں، تاہم ان کی جگہ نئی تقرریاں عمل میں نہیں لائی جا رہی ہیں۔
اس صورتحال نے سرکاری نظام کو کمزور کر دیا ہے اور دفاتر میں عملے کی کمی کے باعث کاموں میں تاخیر معمول بن چکا ہے۔مقامی شہریوں کا کہنا ہے کہ ان دفاتر میں عملے کی قلت کے باعث انہیں معمولی کاموں کیلئے بھی کئی دنوں تک انتظار کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر ہسپتالوں اور تعلیمی اداروں میں عملے کی کمی سے عوامی خدمات کا معیار متاثر ہو رہا ہے۔ کئی علاقوں میں سکولوں میں اساتذہ کی کمی جبکہ ہسپتالوں میں طبی عملے کی قلت ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے۔سماجی کارکنوںنے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر فوری طور پر خالی اسامیوں کو پرنہیں کیا گیا تو عوامی نظام مزید مفلوج ہو سکتا ہے۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ضلع بارہمولہ میں خالی اسامیوں کو ترجیحی بنیادوں پر پُر کیا جائے تاکہ عوام کو بہتر خدمات فراہم کی جا سکیں اور سرکاری نظام کو موثر بنایا جا سکے۔