عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//ٹریفک پولیس رورل جموں نے سرنکوٹ کے علاقے میں پبلک سروس وہیکلز (PSVs) کے تین ڈرائیوروں کے خلاف لازمی فٹنس سرٹیفکیٹ کے بغیر گاڑیاں چلانے پر ایف آئی آر درج کی ہے، جسے عوامی تحفظ کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے۔سرکاری پریس ریلیز کے مطابق یہ کارروائی ٹی سی پی سرنکوٹ پر معمول کی چیکنگ کے دوران عمل میں لائی گئی۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ڈرائیوروں کو ماضی میں متعدد بار چالان کیا گیا اور وارننگ بھی دی گئی تھی، تاہم اس کے باوجود وہ حفاظتی اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گاڑیاں چلاتے رہے۔
پولیس نے موقع پر ہی تینوں گاڑیوں کو ضبط کر لیا اور بھارتیہ نیائے سنہتا کی متعلقہ دفعات کے تحت ایف آئی آر نمبر 111/2026 درج کی، جس میں لاپرواہی اور خطرناک ڈرائیونگ کے ساتھ عوامی جان کو خطرے میں ڈالنے کے الزامات شامل ہیں۔حکام نے بتایا کہ پہاڑی علاقوں میں مکینیکی طور پر غیر موزوں گاڑیوں کا استعمال خاص طور پر خطرناک ثابت ہو سکتا ہے، جس سے حادثات کے امکانات بڑھ جاتے ہیں۔جن ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی گئی ان میں افتخار احمد سکنہ مینڈھر (گاڑی نمبر JK20-0290) شامل ہیں، جن کی گاڑی کو 54 مرتبہ چالان کیا جا چکا ہے۔ اسی طرح جاوید اقبال سکنہ سرنکوٹ (گاڑی نمبر JK11-9819) کو 5 مرتبہ جبکہ شیراز احمد ساکن کلر کٹل سرنکوٹ (گاڑی نمبر JK11-4177) کو 10 مرتبہ چالان کیا گیا تھا۔سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ٹریفک رورل جموں، فاروق قیصر نے کہا کہ محکمہ ان گاڑیوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس اور ڈرائیونگ لائسنس کی منسوخی کی سفارش کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی آئندہ بھی جاری رہے گی۔انہوں نے گاڑی مالکان سے اپیل کی کہ وہ اپنی گاڑیوں کی فٹنس اور حفاظتی معیار کو یقینی بنائیں تاکہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جا سکے۔