عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//رکن پارلیمنٹ اننت ناگ – راجوری، میاں الطاف احمد نے جمعرات کو جموں سری نگر سے وندے بھارت ایکسپریس کی توسیع کا خیرمقدم کرتے ہوئے اننت ناگ اسٹیشن پر وندے بھارت سٹاپ کا مطالبہ کیا۔ میاں الطاف احمد نے کہا کہ وندے بھارت کی توسیع ایک خوش آئند قدم ہے تاہم میں مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو سے درخواست کرتا ہوں کہ اننت ناگ ریلوے اسٹیشن کو وندے بھارت ایکسپریس کے شیڈول سٹاپ کے طور پر شامل کیا جائے۔میاں الطاف نے کہا کہ وہ پہلے بھی وزیر ریلوے سے درخواست کر چکے ہیں کہ وہ اننت ناگ سٹیشن پر وندے بھارت کے سٹاپ کے اضافے پر غور کریں اور انہوں نے مزید کہا کہ میں دوبارہ یاد دلاتا ہوں اور وزیر ریلوے سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ عوام کے وسیع تر مفاد میں اس مطالبے پر غور کریں۔
میاں الطاف نے توسیع شدہ وندے بھارت ایکسپریس کے آغاز کو وادی کو قومی ریل نیٹ ورک سے جوڑنے کے لیے ایک سنگ میل قرار دیا، لیکن اننت ناگ میں رکنے کی عدم موجودگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جنوبی کشمیر کے رہائشیوں کے لیے ایک تکلیف قرار دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ “اننت ناگ میں اسٹاپ فراہم کرنے سے جنوبی کشمیر کے لیے پریمیم ریل خدمات تک مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے گا، جس کا ایک بڑا کیچمنٹ ایریا ہے۔ایم پی نے وزیر ریلوے پر زور دیا کہ وہ حکام کو ہدایت کریں کہ وہ اننت ناگ کو جلد از جلد ایک سرکاری سٹاپ کے طور پر نامزد کریں