عظمیٰ نیوز سروس
ممبئی// گھریلو شیئر بازاروں میں جمعرات کے روز فروخت کا دباوغالب رہا اور بی ایس ای کا سینسیکس 582.86 پوائنٹس (0.75 فیصد) گر کر 76,913.50 پوائنٹس پر بند ہوا۔بازار شروع سے ہی دباو میں تھا۔ دوپہر سے پہلے خام تیل کی قیمتوں میں تیزی اور روپے میں بڑی گراوٹ کے باعث ایک وقت سینسیکس 1,237 پوائنٹس تک گر گیا تھا۔ تاہم بعد میں خام تیل کی قیمتوں میں نرمی ائی اور روپے کی گراوٹ بھی کافی حد تک کم ہو گئی۔
بازار میں ائی ٹی اور فارما سیکٹرز میں سرمایہ کاروں کا اعتماد واپس ایا، جس سے اہم اشاریوں نے کچھ حد تک بحالی کی اور اخر میں سینسیکس تقریباً 583 پوائنٹس کی کمی کے ساتھ بند ہوا۔نیشنل اسٹاک ایکسچینج کا نفٹی-50 انڈیکس بھی 180.10 پوائنٹس گر کر 23,997.55 پوائنٹس پر بند ہوا۔درمیانی اور چھوٹی کمپنیوں میں بھی فروخت دیکھی گئی۔ وسیع بازار میں نفٹی مڈ کیپ-50 انڈیکس 0.86 فیصد اور اسمال کیپ-100 انڈیکس 0.98 فیصد نیچے آ گیا۔ائی ٹی اور فارما سیکٹرز دوپہر کے بعد سبز نشان میں واپس آگئے جبکہ دیگر شعبوں میں گراوٹ رہی۔ دھات، بینکنگ، دیرپا صارفین کی اشیاء ، ریئلٹی، مالیاتی خدمات اور ایف ایم سی جی سیکٹرز پر زیادہ دباودیکھا گیا۔سینسیکس کی کمپنیوں میں ایٹرنل کا شیئر تقریباً تین فیصد گر گیا۔ ہندستان یونی لیور کا شیئر ڈھائی فیصد جبکہ ٹاٹا اسٹیل اور ایل اینڈ ٹی کے شیئرز دو فیصد سے زیادہ گر گئے۔