عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کل کہا کہ ان کی جماعت کی جانب سے جلائی گئی سچی سیاست کی مشعل بالآخر جموں و کشمیر کے عوام کو استحصالی سیاست سے نجات دلائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپنی پارٹی عوام کو با اختیار بنانے اور ان کے جمہوری حقوق کی بحالی کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا مشن عوام کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا، جمہوریت کو مضبوط بنانا اور ان کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔ بخاری نے یہ باتیں سرینگر میں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔
اس موقع پر کپوارہ سے تعلق رکھنے والے متعدد سرکردہ سیاسی کارکنان اور ورکرز نے باقاعدہ طور پر اپنی پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔جموں کشمیر کے عوام کے ساتھ مرکزی سرکار کے ڈئیلاگ کی اپنی مانگ کو دہراتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’جموں و کشمیر کے عوام اور ملک کے باقی حصوں کے درمیان اعتماد کا فقدان ہے۔ اس خلا کو پْر کرنے کے لیے مرکز کو بات چیت کرنی چاہیے۔ ‘دل اور دہلی’ کے درمیان فاصلے سے صرف دو سیاسی جماعتیں فائدہ اٹھاتی ہیں۔ جبکہ وہ سیاسی فائدہ حاصل کرتی ہیں، ہمارے نوجوان نقصان اٹھاتے ہیں۔ ہمارے نوجوانوں کے حصے میں قبرستان یا پھر جیلیں آتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اپنی پارٹی کا مقصد جموں و کشمیر میں امن و ترقی کا ماحول پیدا کرنا اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے حکمران نیشنل کانفرنس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا، ‘‘این سی جو عوام اور ان کے ووٹ کا احترام کرنے کا دعویٰ کرتی ہے، عملی طور پر انہیں پنچایت اور شہری بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اپنے نمائندے منتخب کرنے کے حق سے محروم کر رہی ہے۔ تقریب میں اپنی پارٹی میں شامل ہونے والوں میں سیاسی کارکن وسیم سجاد، گوجر چوہان، سابق این سی سرپنچ حلقہ تریگام شیر علی خان، مجتبیٰ جھو، سابق پی سی پنچ حلقہ تریگام فیاض احمد وانی، بلال احمد وانی، زردولا لون، نوبت خان، حفیظ لون، رفاقت خان، رفیق چوہان، محمد عرفان، ہلال احمد، عبدالرشید، ضمیر لون، بلال لون، جلیل جھو، روشن دین، محمد حنیف، شبیر احمد، مدثر رسول، محمد اقبال، فاروق احمد، مزنور احمد اور دیگر شامل ہیں۔