عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//این آئی اے نے کل ضلع بڈگام میں سال 2020 میں ملی ٹیسنی سے متعلق درج ایک کیس میں نامزد ملزم کی زمین کو اٹیچ کیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ یہ کارروائی این آئی اے کی ایک ٹیم نے انجام دی۔ ٹیم نے بڈگام کے ایس کے باغ علاقے میں واقع 11.5 مرلہ زمین کو ضبط کیا۔یہ جائیداد سروے نمبر 25 کے تحت درج ہے اور یہ تفصل حسین پاریمو، ولد عبدالرشید پاریمو کی ملکیت ہے۔ وہ سرینگر کے نوگام علاقے کی شیخ العالم کالونی کا رہائشی ہے۔حکام نے مزید بتایا کہ پاریمو اس وقت این آئی اے کی تحویل میں ہے اور ان کے خلاف ایف آئی آر نمبر RC-01/2020/NIA/JMU کے تحت کارروائی جاری ہے۔ اس کیس میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے)، آرمز ایکٹ اور ایکسپلوسیو سبسٹینس ایکٹ کے تحت دفعات شامل ہیں۔یہ ضبطی مقامی انتظامیہ کی موجودگی میں عمل میں لائی گئی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی اسی طرح کی ایک کارروائی میں این آئی اے نے جنوبی کشمیر کے پلوامہ ضلع میںملی ٹیسنی کیس میں نامزد ایک ملزم کی تین کنال چار مرلہ زمین اٹیچ کی۔