یو این ایس
سرینگر//ہائی کورٹ آف جموں و کشمیر اور لداخ نے ضلع عدلیہ کے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مقررہ دفتری اوقات کی سختی سے پابندی کریں اور کام کے دوران نظم و ضبط کو یقینی بنائیں۔رجسٹرار جنرل کی جانب سے جاری کردہ سرکیولر میں کہا گیا ہے کہ مشاہدے میں آیا ہے کہ بعض افسران و ملازمین تاخیر سے دفتر پہنچتے ہیں، مقررہ وقت سے پہلے چلے جاتے ہیں یا دورانِ ڈیوٹی دفاتر سے غیر حاضر ہو جاتے ہیں، حتیٰ کہ بعض اوقات پریزائیڈنگ افسران کے عدالت میں موجود ہونے کے باوجود دفاتر خالی کر دیے جاتے ہیں۔ اس طرزِ عمل سے سرکاری کام کی بروقت انجام دہی متاثر ہو رہی ہے۔سرکیولرکے مطابق کسی بھی افسر یا اہلکار کو مقررہ اوقات کے بعد آنے یا اس سے پہلے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ مزید برآں، کوئی بھی ملازم دفتری اوقات کے دوران متعلقہ مجاز افسر کی پیشگی اجازت کے بغیر اپنی نشست یا دفتر نہیں چھوڑ سکے گا۔یو این ایس کے مطابق ہائی کورٹ نے کنٹرولنگ افسران کو بھی ہدایت دی ہے کہ وہ ماتحت عملے میں وقت کی پابندی اور جوابدہی کو یقینی بنائیں۔ سرکلر میں واضح کیا گیا ہے کہ ان ہدایات کی کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔