عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//بھارت کی چاول کی برآمدات میں مالی سال 2025-26کے دوران 7.5فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے اور مجموعی برآمدات 11.53ارب ڈالر رہ گئی ہیں۔کامرس وزارت کے مطابق یہ کمی خاص طور پر مشرقِ وسطی کے ممالک میں ترسیل میں کمی کی وجہ سے ہوئی ہے۔مارچ میں چاول کی برآمدات میں 15.36فیصد کمی دیکھی گئی اور یہ 997.53 ملین ڈالر رہ گئیں۔ایران، متحدہ عرب امارات، سعودی عرب اور عمان جیسے ممالک میں سپلائی متاثر ہوئی ہے۔
ایران بھارت کے باسمتی چاول کا سب سے بڑا خریدار ہے، لیکن موجودہ سیاسی اور سیکیورٹی صورتحال کے باعث آرڈرز، ادائیگیوں اور شپنگ میں مشکلات پیدا ہو گئی ہیں۔کئی درآمد کنندگان نے معاہدوں کی ادائیگی میں مشکلات ظاہر کی ہیں، جس سے برآمد کنندگان کو غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔202425 میں بھارت نے 20.1 ملین ٹن چاول برآمد کیا تھا جس کی مالیت 12.5 ارب ڈالر تھی اور یہ 172 ممالک تک پہنچا تھا۔بھارت دنیا کے سب سے بڑے چاول پیدا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔ 202425 میں ملک میں تقریبا 150 ملین ٹن چاول پیدا ہوا، جو 47 ملین ہیکٹر رقبے پر کاشت کیا گیا۔پیداوار کی اوسط شرح بھی بہتر ہوئی ہے جو 201415 میں 2.72 ٹن فی ہیکٹر تھی اور اب بڑھ کر تقریبا 3.2 ٹن فی ہیکٹر ہو گئی ہے۔ یہ بہتری بہتر بیج، زرعی طریقوں اور آبپاشی کے نظام کی وجہ سے ممکن ہوئی ہے۔