بانڈی پورہ// ضلع بانڈی پورہ میں دو روزہ والی بال چمپئن شپ 2026کا آج آرمی گڈ ول اسکول حاجن میں شاندار آغاز ہوا، جہاں کھیل کے جذبے اور جوش و خروش کا بھرپور مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔چمپئن شپ کا انعقاد ضلع بانڈی پورہ والی بال ایسوسی ایشن نے ملک گیر مہم’’نشہ مکت بھارت ابھیان‘‘ کے تحت علی کے کھیل اور ہندوستانی فوج کے تعاون سے کیا ہے، جبکہ محکمہ یوتھ سروسز اینڈ سپورٹس بھی اس کی حمایت کر رہا ہے۔افتتاحی تقریب کی قیادت ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس حاجن امیت کھجوریا نے میجر شبم کے ہمراہ انجام دی، جس میں ضلع بھر کے افسران، کھلاڑیوں اور کھیلوں کے شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر پدم شری ایوارڈ یافتہ فیصل علی ڈار بھی موجود تھے، جو تقریب کے آرگنائزنگ سیکرٹری اور برانڈ ایمبیسیڈر کی حیثیت سے اس اقدام کی حمایت کر رہے ہیں۔دو روزہ چمپئن شپ میں ضلع بانڈی پورہ کے مختلف علاقوں سے تقریباً 16ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں، جو اپنی صلاحیتوں، نظم و ضبط اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کر رہی ہیں۔منتظمین کے مطابق اس ایونٹ کا مقصد نہ صرف والی بال کو فروغ دینا ہے بلکہ نوجوانوں کو منشیات کے مضر اثرات سے آگاہ کرتے ہوئے انہیں صحت مند اور مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرنا بھی ہے۔تقریب میں موجود معززین نے کھیل کو سماجی ذمہ داری کے ساتھ جوڑنے کی اس کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نوجوانوں کے بہتر مستقبل کی تعمیر میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔چمپئن شپ کے دوران دن بھر سنسنی خیز مقابلے دیکھنے کو ملے، جبکہ گرینڈ فائنل کل کھیلا جائے گا جس میں سرفہرست ٹیمیں ٹائٹل کے لیے مدمقابل ہوں گی۔