یواین آئی
میڈرڈ/ایف سی بارسلونا نے سیلٹا ویگو کو 0-1 سے شکست دے کر لا لیگا میں ریئل میڈرڈ پر اپنی نو پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی، تاہم اس فتح کے دوران لامین یامال انجری کا شکار ہو گئے ۔ میچ کے پہلے ہاف میں سیلٹا ویگو نے کاؤنٹر اٹیک کے ذریعے بارسلونا کو مشکلات میں ڈالے رکھا، لیکن یامال نے شاندار ڈرِبلنگ کرتے ہوئے دفاع کو چیر کر پنالٹی حاصل کی۔ انہوں نے خود ہی اس پنالٹی کو گول میں تبدیل کیا، تاہم شاٹ لگاتے وقت ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو گئے اور میدان چھوڑنا پڑا۔
میچ کے دوران اسٹیڈیم میں طبی ایمرجنسی کے باعث کھیل کو تقریباً 15 منٹ کے لیے روکنا بھی پڑا۔ دوسرے ہاف میں فیران ٹوریس کا ایک گول آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا گیا۔دوسری جانب، اٹلیٹیکو میڈرڈ کو ایلچے کے خلاف 3-2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے بعد ایلچے ریلیگیشن زون سے باہر آ گیا۔ نکولاس گونزالیز نے اٹلیٹیکو کے لیے دو گول کیے ، جبکہ آندرے سلوا نے دو گول کر کے اپنی ٹیم کی جیت یقینی بنائی۔دیگر مقابلوں میں ریئل میڈرڈ نے الاویس کو 1-2 سے شکست دی، ریئل بیٹس نے جیرونا کو 2-3 سے ہرایا، جبکہ ایتھلیٹک کلب اور اوساسونا کے درمیان میچ 1-1 سے برابر رہا۔ مالورکا اور والینسیا کا مقابلہ بھی 1-1 سے ڈرا ختم ہوا، جبکہ کھیتافے نے ریئل سوسیڈاد کو 0-1 سے شکست دے کر چھٹی پوزیشن حاصل کر لی۔