عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//کشمیر ٹریڈ الائنس کے ایک وفد نے منگل کوصوبائی کمشنر کشمیر انشل گرگ سے ملاقات کر کے تاجروں اور کاروباری طبقے کو درپیش متعدد اہم مسائل پر تبادلہ خیال کیا۔وفد میں مختلف وابستہ تنظیموں کے نمائندے شامل تھے جن میں حبہ کدل ٹریڈرز فیڈریشن، رام باغ ٹریڈرز فیڈریشن اور ایل پی جی کاو نٹر آپریٹرز ویلفیئر یونین کے اراکین شامل تھے۔ اس کے علاوہ تجارتی برادری کی کئی نمایاں شخصیات نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ اس موقع پر کشمیر ٹریڈ الائنس کے صدر اعجاز شہدار نے صوبائی کمشنر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے وفد کے مسائل کو تحمل کے ساتھ سنا۔
انہوں نے بتایا کہ میٹنگ میں سب سے اہم مسئلہ پرانے حبہ کدل پل کو موٹربل بنانے کا اٹھایا گیا، جو طویل عرصے سے زیر التوا ہے۔ ان کے مطابق پل پر گاڑیوں کی آمدورفت بند ہونے سے تقریباً 400دکانداروں کا روزگار بری طرح متاثر ہوا ہے اور ٹریفک کی روانی میں بھی شدید رکاوٹ پیدا ہو رہی ہے۔ اس پر ڈویڑنل کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ اس معاملے پر ضروری کارروائی کی جائے گی۔وفد نے نٹی پورہ سے رام باغ تک سڑک کے درمیان نصب ڈیوائیڈرز کے مسئلے کو بھی ا جاگر کیا، جن کی وجہ سے تاجروں کو مشکلات کا سامنا ہے اور کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں۔ ڈویژنل کمشنر نے اس مسئلے کا جائزہ لینے اور مناسب اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں سرینگر میں گھریلو ایل پی جی کی قلت کا بھی اٹھایا گیا۔وفد نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ فوری مداخلت کر کے سپلائی کو بحال کیا جائے۔ڈویژنل کمشنر انشل گرگ نے وفد کو یقین دلایا کہ تمام مسائل کو سنجیدگی سے لیا جائے گا اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔