عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ مرکزی سرکار اور جموں و کشمیر کے عوام کے درمیان اعتماد کے فقدان کو دور کرنے کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں۔ وہ کل ہمہامہ میں کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب کر رہے تھے، جہاں انہوں نے پارٹی کے نئے دفتر کا افتتاح بھی کیا۔ بخاری نے کہا، ’’اپنی پارٹی کا مقصد جموں و کشمیر میں ایسی سیاست کو فروغ دینا ہے جس میں نفرت، منفی سوچ یا تشدد کی کوئی گنجائش نہ ہو۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ہم جموں و کشمیر کی سیاست کو ایک نئی سمت دینا چاہتے ہیں تاکہ اسے اس سرزمین کے عوام کے لیے مفید بنایا جا سکے۔‘‘جموں و کشمیر کے معاشی پہلو پر بات کرتے ہوئے اپنی پارٹی کے صدر نے کہا، ’’ہم یہاں ایسا مالیاتی ڈھانچہ قائم کرنا چاہتے ہیں جو جموں و کشمیر میں غربت کے مکمل خاتمے کو یقینی بنائے۔ یہاں کوئی بھی غریب نہ رہے۔ ہر فرد ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن ہو۔‘‘
انہوں نے مزید کہا، ’’اس کے لیے ہمیں معاشی تنظیمِ نو کی ضرورت ہے۔ یہاں مقامی وسائل کا صیح استعمال نہیں کیا گیا۔ ان وسائل کے انتظام میں غفلت کے باعث جموں و کشمیر معاشی طور پر کمزور رہا ہے۔ اگر ان وسائل کو مناسب طریقے سے بروئے کار لایا جاتا تو ہم اس طرح کے خسارے کا شکار نہ ہوتے۔‘‘جموں و کشمیر میں خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے بخاری نے کہا، ’’اپنی پارٹی خواتین کو بااختیار بنانے کی مکمل حامی ہے۔زیر حراست افراد کی رہائی کے اپنے مطالبے کو دہراتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے کہا، ’’سینکڑوں افراد جیلوں میں ہیں مگر کوئی اس پر بات نہیں کر رہا۔ یہ سیاستدان اس مسئلے کو بھی نہیں اٹھا رہے۔ یہ لوگ آخر کب تک سلاخوں کے پیچھے رہیں گے؟ افسوس کی بات ہے کہ جن جماعتوں کو عوامی مینڈیٹ ملا ہے وہ بھی ایسے معاملات پر خاموش ہیں۔ دیکھیں ہمارے نوجوانوں کو کس طرح پریشان کیا جا رہا ہے اور انہیں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہیں پاسپورٹ اور ملازمتوں کے لیے درکار پولیس ویریفکیشن رپورٹس جاری نہیں کی جا رہیں۔ انہیں بار بار تھانوں میں طلب کیا جا رہا ہے۔ یہ سب کچھ بدلنا ہوگا۔‘‘جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکالمے کے مطالبے کو دہراتے ہوئے سید محمد الطاف بخاری نے مرکزی وزیر داخلہ سے اپیل کرتے ہوئے کہا، ’’میں وزیر داخلہ سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عوام، بالخصوص نوجوانوں کے ساتھ مکالمہ شروع کریں تاکہ اعتماد کے فقدان کو دور کیا جا سکے اور ان کے مسائل کا ازالہ ہو۔‘‘اس موقع پر پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر، چیئرمین پارلیمانی امور کمیٹی محمد دلاور میر، جنرل سیکریٹری رفیع احمد میر، صوبائی صدر کشمیر محمد اشرف میر، ترجمانِ اعلیٰ و ریاستی سیکریٹری منتظر محی الدین، میڈیا ایڈوائزر فاروق اندرابی، ریاستی یوتھ صدر و ترجمان یاور دلاور میر، خواتین ونگ کی صدر دلشاد شاہین، ریاستی سیکریٹری تنظیم و ترجمان ڈاکٹر ہربخش سنگھ، ضلع صدر بڈگام ایڈوکیٹ اویس اشرف شاہ، سینئر نائب صدر بڈگام و حلقہ انچارج مختار احمد ڈار، جبران ڈار، شائستہ جی اور دیگر لیڈران موجود تھے۔
کولگام میں متعددکارکنان اپنی پارٹی میں شامل
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے چیف کوآرڈی نیٹر اور ضلع صدر کولگام نے کل کولگام ضلع میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران پارٹی میں شامل ہونے والے متعدد سرکردہ سیاسی کارکنان کے ایک گروپ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔پارٹی جوائن کرنے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے عبدالمجید پڈر نے کہا، ’’میں دل کی گہرائیوں سے آپ کو پارٹی میں خوش آمدید کہتا ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ پارٹی آپ کو اپنے اپنے علاقوں میں عوام کی خدمت کے لیے بھرپور مواقع فراہم کرے گی۔‘