یواین آئی
میڈرڈ/ہسپانوی ٹینس کھلاڑی کارلوس الکاراز کو پیر کی رات 2026 کے لاریئس ورلڈ اسپورٹس ایوارڈز میں ورلڈ اسپورٹس مین آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ الکاراز نے سائیکلسٹ تادیج پوگاکر اور اپنے اہم حریف جینک سنر سمیت دیگر نامزد امیدواروں کو پیچھے چھوڑا۔ٹینس کے لیے ایک اور بڑی کامیابی اس وقت سامنے آئی جب آریانا سبالینکا کو ورلڈ اسپورٹس وومن آف دی ایئر منتخب کیا گیا۔ انہوں نے کہا، “اس وقت کھیلوں میں بہت سی مضبوط، عظیم اور متاثر کن خواتین موجود ہیں،” اور ایک ایسے ہال میں شکریہ ادا کیا جہاں “بہت سے بڑے ستارے ” موجود تھے۔
یہ تقریب مسلسل دوسرے سال میڈرڈ میں منعقد ہوئی، جہاں ٹینس اسٹار نوواک جوکووچ اور چینی فری اسٹائل اسکیئر ایلین گو نے میزبانی کے فرائض انجام دیے ۔ایلین گو نے اپنی نئی ذمہ داری کو اسکیئنگ سے تشبیہ دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ہی انہیں “گھبراہٹ اور جوش” کا احساس دلاتے ہیں۔ایف سی بارسلونا کے اسپین کے نوجوان کھلاڑی لامین یامال کو ورلڈ ینگ اسپورٹس پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ گو کے مطابق ان کی کامیابی کی ایک بڑی وجہ ان کا “پوری نسل پر اثر” ہے ۔ یامال نے کہا، “مجھے امید ہے کہ یہ اعزاز مجھے آگے بڑھنے میں مدد دے گا کیونکہ ابھی طویل سفر باقی ہے ۔”فٹبال میں ایک اور کامیابی یورپی چیمپئن پیرس سینٹ جرمین کو ملی، جسے ورلڈ ٹیم آف دی ایئر قرار دیا گیا۔ اس نے انگلینڈ ویمن فٹبال ٹیم اور ہندوستان ویمن کرکٹ ٹیم کو پیچھے چھوڑا۔ورلڈ کم بیک آف دی ایئر کا اعزاز دفاعی یو ایس ماسٹرز گولف چیمپئن روری میکلروئے کو ملا، جنہوں نے امریکہ میں رائیڈر کپ میں یورپ کی جیت میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے کہا، “مجھے کئی بار ناکامیوں کا سامنا کرنا پڑا، لیکن اس نے مجھے مزید محنت اور کبھی ہار نہ ماننے کا سبق دیا، اور اس کا صلہ مجھے گزشتہ سال آگسٹا میں ملا۔”فارمولا ون کے عالمی چیمپئن لینڈو نورس کو ورلڈ بریک تھرو آف دی ایئر قرار دیا گیا، جبکہ برازیل کے پیرا اولمپک تیراک گیبریل اراوجو کو ورلڈ اسپورٹس پرسن آف دی ایئر ود اے ڈس ایبلٹی کا ایوارڈ دیا گیا۔اسی طرح کلوی کم کو تیسری بار ورلڈ ایکشن اسپورٹس پرسن آف دی ایئر منتخب کیا گیا۔اسپورٹنگ انسپیریشن ایوارڈ سابق فٹبالر ٹونی کروس کو دیا گیا، جو جرمنی میں ایک اکیڈمی چلاتے ہیں اور بیمار بچوں کے ساتھ کام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا، “اگر ہم سب متحد ہو کر کام کریں تو ہم ایک بڑا قدم آگے بڑھ سکتے ہیں۔”جبکہ “اسپورٹ فار گڈ” ایوارڈ فٹبال ماس پروجیکٹ کو دیا گیا۔