بجلی ملازم کرنٹ لگنے سے لقمہ اجل،ریٹائرڈ فوجی کی لاش درخت سے لٹکی ملی
عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اشاجی پورہ اننت نا گ میں سڑک حادثے میں زخمی قاضی گنڈ کا نوجوان گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں زندگی کی جنگ ہار گیا جس کے بعد لواحقین نے اسپتال انتظامیہ پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ طبی غفلت کی وجہ سے نوجوان کی موت ہوئی ۔نوجوان جس کی شناخت بلال احمد میر ولد مرحوم عبدالرحمان میر ساکنہ یارہول بیہامہ قاضی گنڈ کے بطور ہوئی فروٹ منڈی کے قریب حادثے کا شکار ہونے کے بعد شدید زخمی ہو گیا جس کے بعد انہیں فوری طو رپر علاج کیلئے گورئمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ منتقل کر دیا گیا تاہم وہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے دم تو ڑبیٹھا ۔ لواحقین نے الزام لگایا ہے کہ اس کی حالت نازک ہونے کے باوجود اسپتال میں بروقت طبی امداد نہیں دی گئی۔انہوں نے الزام لگایا کہ اہم لمحات میں ضروری طبی عملے کی عدم موجودگی یا تاخیر کی وجہ سے ان کی حالت بگڑ گئی اور آخرکار اس کی موت واقع ہوئی۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جی ایم سی اننت ناگ ڈاکٹر ارشد حسن صدیقی نے کہا کہ معاملے کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور یقین دلایا کہ اگر کوئی غفلت پائی جاتی ہے تو سخت کارروائی کی جائے گی۔اس دوران وزیر صحت سکینہ ایتو نے کہا کہ واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی تاکہ حقائق سامنے آسکیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر کسی بھی قسم کی لاپرواہی یا غفلت ثابت ہوئی تو ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔دریں اثناء ضلع پلوامہ کے متری گام میں اتوار کو ایک کمسن بچہ ڈوب کر جا ں بحق ہو گیا ۔ سلیم عنایت ولد عنایت احمد بٹ ساکنہ متری گام پلوامہ نامی2سالہ بچہ اپنے گھر کے قریب ایک چھوٹی ندی میں پھسل گیا۔جس کے بعد چھوٹے بچے کو مقامی لوگوں نے ندی سے نکالا اور فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا۔جونہی علاقے میں چھوٹے بچے کی نالے میں ڈوب کر موت کی خبر پھیل گئی تو وہاں صف ماتم بچھ گئی ۔ پولیس نے معاملے میں کیس درج کر لی گئی ہے اور تحقیقات جاری ہے ۔ ادھر بارہمولہ کے بنر علاقے میں اس وقت افر اتفری کا ماحول پھیل گیا جب بجلی ملازم عبدالخالق شیخ ولد محمد سلطان شیخ ساکنہ بنر بجلی بحالی کے کام میں مصروف تھا اور اس دوران وہ اچانک بجلی کی ترسیلی لائن کو چھو گیا جس کے نتیجے میں وہ شدید طو رپر زخمی ہو گیا ۔ ملازم کے زخمی ہونے کے بعد انہیں فوری طور پر گورئمنٹ میڈیکل کالج بارہمولہ علاج و معالجہ کیلئے منتقل کیا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ بیٹھا ۔ادھرہندوارہ کے ہچ مرگ گاؤں میں ایک ریٹائرڈ فوجی اہلکار کی لاش درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔متوفی کی شناخت 45 سالہ ریاض احمد بدانہ کے طور پر ہوئی ہے، جو ہچ مرگ گاؤں کے رہائشی تھے۔ پولیس ٹیم موقع پر پہنچی اور لاش کو اتار کرطبی کارروائی کے لیے بھیج دیا۔ پولیس نے اس سلسلے میں کیس درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔