جموں/وزیراعلیٰ عمر عبداللہ نے آج یہاں منعقدہ ایک تقریب میں شیرکشمیر کرکٹ کلب (ایس سی سی) کی جرسی کی رسم رونمائی اَنجام دِی۔اِس موقعہ پر وزیر برائے امورِ نوجوان و کھیل کود ستیش شرما، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی اور کلب کے ممبران بھی موجود تھے۔وزیراعلیٰ نے کلب کی کرکٹ کو فروغ دینے میں خدمات کی قدردانی کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور جموں و کشمیر میں نوجوان ٹیلنٹ کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لئے پُر عزم ہے۔اِس موقعہ پر صدر شیرکشمیر کرکٹ کلب (ایس سی سی) امن چیمہ نے کلب کی کامیابیوں کو اُجاگر کرتے ہوئے بتایا کہ کلب نے مختلف ٹورنامنٹوں میں حصہ لیا اور جیت بھی حاصل کی ۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ کلب نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں مصروف رکھنے اور انہیں منشیات جیسے منفی اثرات سے دُور رکھنے میں اہم کردار اَدا کر رہا ہے اور ان کی توانائی کو کھیلوں میں لگانے کی راہ ہموار کر رہا ہے۔اِس سے قبل وزیراعلیٰ نےچیک لسٹ آف میملز آف جموں اینڈ کشمیر، انڈیا کے عنوان سے ایک وائلڈ لائف میگزین کا جاری کیا۔ وائلڈ لائف کے ماہرین کے ایک وفد جس کی قیادت مظفر کچلو کر رہے تھے،نے انہیں اَپنے جاری اور آئندہ منصوبوں کے بارے میں بریف کیا۔وزیراعلیٰ نے ان کی کاوشوں کوسراہتے ہوئے خطے کی بھرپور حیاتیاتی تنوع کے تحفظ میں سائنسی تحقیق اور تحفظ کی اہمیت پر زور دیا۔