محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ میں عوامی فلاح و بہبود کے سلسلے میں ایک اہم پیش رفت کے تحت میڈی سٹی کے زیرِ اہتمام اور اے ایس جی آنکھوں کے ہسپتال سرینگر کے اشتراک سے 5 اور 6 اپریل کو دو روزہ مفت آنکھوں کے معائنہ (اسکریننگ) کیمپ کامیابی کے ساتھ منعقد کیا گیا۔اس کیمپ میں بڑی تعداد میں مریضوں کا مفت معائنہ کیا گیا، جن میں سے متعدد افراد کو مزید علاج اور سرجری کی ضرورت محسوس ہوئی۔
انتظامیہ کے مطابق ایسے مریضوں میں سے 20 افراد کو مفت سرجری کے لئے روانہ کر دیا گیا ہے، جہاں ان کا علاج آیوشمان بھارت اسکیم کے تحت مکمل طور پر بلا معاوضہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات میں مفت آمد و رفت، قیام و طعام اور جدید طبی سہولیات شامل ہیں، جس سے غریب اور مستحق افراد کو خصوصی فائدہ پہنچ رہا ہے۔ یہ اقدام نہ صرف صحت عامہ کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ سرحدی علاقوں میں طبی سہولیات کی کمی کو بھی کسی حد تک پورا کر رہا ہے۔اس موقع پر مڈی سٹی پونچھ اور اہلِ پونچھ کی جانب سے اے ایس جی آنکھوں کے ہسپتال سرینگر کے ڈائریکٹر، ڈاکٹرز، اور طبی عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا گیا، جنہوں نے اس دور دراز علاقے میں آکر عوام کو معیاری اور مفت طبی خدمات فراہم کیں۔سماجی شخصیات امتیاز سلاریا اور شفیق بابا نے اس اقدام کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے فلاحی پروگرام نہ صرف انسانی خدمت کی بہترین مثال ہیں بلکہ معاشرے میں صحت کے حوالے سے شعور بیدار کرنے میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔