عظمیٰ نیوز سروس
راجوری//ایس اف سپیڈ ڈویژن کی جانب سے راجوری ڈے 2026 نہایت عقیدت، احترام اور قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ یہ دن 1947-48 میں راجوری کی آزادی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر فوجیوں اور شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لئے منایا جاتا ہے۔تقریبات کا آغاز گوجر منڈی چوک میں ایک پروقار تقریب سے ہوا، جہاں شہداء کی یاد میں پھول چڑھائے گئے۔ اس موقع پر بریگیڈیئر محمد عثمان اور لیفٹیننٹ رام راگھوبا رانے سمیت دیگر بہادر سپاہیوں کو ان کی قربانیوں اور قیادت پر خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جنہوں نے 13 اپریل 1948 کو راجوری کی آزادی میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
اس تقریب میں فوج، جموں و کشمیر پولیس، بی ایس ایف، سی اے پی ایف، سول انتظامیہ اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جس نے سول و فوجی ہم آہنگی اور اتحاد کی ایک بہترین مثال پیش کی۔تقریب کے دوران رنگا رنگ ثقافتی پروگرام بھی پیش کئے گئے، جن میں پائپ بینڈ، آرمی ڈاگ یونٹ کی سلامی اور فوجی جوانوں کی جانب سے ملاکھمب کا شاندار مظاہرہ شامل تھا۔ویلی ویو آرمی پبلک سکول کے طلبہ نے بھی ثقافتی پروگرام پیش کئے، جبکہ ’آپریشن سندھور‘ پر مبنی آڈیو ویڑول پریزنٹیشن کے ذریعے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔کھیلوں کے مقابلوں میں والی بال ٹورنامنٹ اور راجوری میراتھن کا انعقاد کیا گیا، جس کا مقصد نوجوانوں میں کھیلوں کا فروغ، نظم و ضبط اور صحت مند سرگرمیوں کو بڑھاوا دینا تھا۔ اس کے علاوہ ’راجوریز گاٹ ٹیلنٹ‘ اور ’شانِ پیر پنجال‘ کے عنوان سے مقامی ہنر مند افراد کو اعزازات سے نوازا گیا۔ترقی کے فروغ کے لیے ’ڈیجیٹل بھارت درشن‘ اقدام کا آغاز بھی کیا گیا، جس کا مقصد تعلیمی شعبے کو مزید مستحکم بنانا ہے، جبکہ ٹیلی میڈیسن خدمات کے ذریعے دور دراز علاقوں میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے پر بھی زور دیا گیا۔تقریب میں مقامی ثقافتی نمائشیں، دستکاری، فوڈ اسٹالز اور فوجی ساز و سامان کی نمائش بھی شامل تھی۔یہ تقریبات اس عزم کی تجدید تھیں کہ راجوری میں اتحاد، قومی یکجہتی اور ترقی کے سفر کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔