یو این آئی
دبئی/ہندوستانی اسٹار بلے باز سنجو سیمسن نے مارچ 2026 کے لیے آئی سی سی مینز پلیئر آف دی منتھ کا ایوارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ انہوں نے اس اعزاز کی دوڑ میں اپنے ہم وطن جسپریت بمراہ اور کونو ایسٹرہوئزن کو پیچھے چھوڑ دیا۔31 سالہ سنجو سیمسن نے حال ہی میں ختم ہونے والے آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں ناقابل یقین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں انہیں ‘پلیئر آف دی ٹورنامنٹ’ کے خطاب سے بھی نوازا گیا۔ انہوں نے ناک آؤٹ مرحلے کے تینوں اہم میچوں میں ٹیم کی جیت میں کلیدی کردار ادا کیا ،کوارٹر فائنل میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناقابلِ شکست 97 رنز۔سیمی فائنل میں انگلینڈ کے خلاف 89 رنز کی برق رفتار اننگز اور فائنل میں نیوزی لینڈ کے خلاف فائنل میں ایک بار پھر 89 رنز بنا کر ہندوستان کو عالمی چیمپئن بنایا۔ان کی ان اننگز کی بدولت ہندوستان اپنی سرزمین پر ٹرافی جیتنے والا پہلا ملک بن گیا، جبکہ ٹی 20 ورلڈ کپ کا اعزاز کامیابی سے دفاع کرنے والی پہلی ٹیم ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔