عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// اپنی پارٹی کے سربراہ سید محمد الطاف بخاری نے کل اپنے کئی سینئرساتھیوں کے ہمراہ سرینگر کے حیدرپورہ علاقے میں واقع جامعہ عربیہ اشرف العلوم کا دورہ کیا، جسے حالیہ آتشزدگی کے واقعے میں نقصان پہنچا۔ انہوں نے دارالعلوم کے منتظمین سے ملاقات کی اور اس افسوسناک واقعے کی وجہ سے ادارے کو پیش آنے والے نقصانات اور اس وقت درپیش چیلنجز کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔اس موقع پر انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’آتشزدگی کے بعد یہ مذہبی ادارہ متعدد مسائل سے دوچار ہے، جن میں پانی، بجلی کے مسائل کے ساتھ ساتھ طلبہ کے لیے رہائش کی کمی جیسے مسائل شامل ہیں۔ انہوں نے کہا، ‘‘خوش آئند بات یہ ہے کہ مقامی آبادی نے جامع مسجد میں طلبہ کے لیے عارضی رہائش کا انتظام کیا ہے، جو قابلِ تحسین اقدام ہے۔ تاہم، انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ وہ ‘‘آگ سے متاثرہ اس دارالعلوم کو درپیش مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کرے۔‘‘انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ وہ دارالعلوم کی تعمیرِ نو میں اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں سب سے اپیل کرتا ہوں کہ اس مذہبی ادارے کی بحالی اور مسائل کے حل کے لیے تعاون کریں۔ تعاون صرف مالی امداد تک محدود نہیں ہوتا بلکہ مختلف طریقوں سے ہم اپنی خدمات پیش کر کے بھی اس ادارے کی مدد کر سکتے ہیں، جسے اس حادثے میں نقصان اٹھانا پڑا ہے۔‘‘ الطاف بخاری نے آگ پر قابو پانے میں مدد دینے والوں کو سراہتے ہوئے کہا، ’’سب سے پہلے میں فائر سروس کے عملے کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، جنہوں نے آگ بجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔ اسی طرح پولیس اور انتظامیہ کے اہلکار بھی موقع پر موجود رہے اور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ مقامی نوجوانوں نے بھی اس افسوسناک واقعے کے دوران نمایاں کردار ادا کیا۔ خوش قسمتی سے اس حادثے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔‘‘