غلام محمد
سوپور//سب ڈسٹرکٹ ہسپتال (ایس ڈی ایچ) سوپور میں ایک مریض اور اس کے ساتھیوں کی طرف سے ساتھی ڈاکٹر کے ساتھ بدسلوکی کے مبینہ واقعہ کے بعد ماہر امراض نسواں کی طرف سے ایک مختصر احتجاج کیا گیا، جس سے طبی برادری میں تشویش پھیل گئی۔یہ واقعہ ہسپتال کے احاطے میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر ایک ڈاکٹر کو ڈیوٹی کے دوران بدسلوکی اور نامناسب رویے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس واقعہ نے طبی عملے، خاص طور پر گائنیالوجی ڈیپارٹمنٹ میں ناراضگی کو جنم دیا، جنہوں نے معمول کے کام کو عارضی طور پر معطل کر دیا اور اپنا احتجاج درج کروانے کے لیے جمع ہوئے۔
احتجاج کرنے والے ڈاکٹروں نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی کارروائیاں نہ صرف ڈاکٹروں کے وقار کو مجروح کرتی ہیں بلکہ کام کرنے کا ایک غیر محفوظ ماحول بھی پیدا کرتے ہیں، جو بالآخر مریضوں کی دیکھ بھال کو متاثر کرتے ہیں۔واقعہ کے فوراً بعد ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر سوپور نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ہسپتال کا دورہ کیا۔ ڈاکٹروں اور ہسپتال کے حکام سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے یقین دلایا کہ انتظامیہ نے اس معاملے کا باضابطہ طور پر نوٹس لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حقائق کا پتہ لگانے اور ذمہ داروں کی نشاندہی کے لیے مکمل جائزہ لیا جائے گا۔انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعد ہسپتال میں حالات معمول پر آگئے تاہم ڈاکٹروں نے خبردار کیا کہ ایسے واقعات کی تکرار مستقبل میں سخت کارروائیوں کا باعث بن سکتی ہے۔