عظمیٰ نیوز سروس
راجوری// جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع راجوری کے کئی علاقوں میں ہفتہ کی شام ایک بار پھر شدید بارش ہوئی، جس سے علاقے میں جاری طویل بارانی موسم کی کیفیت مزید شدت اختیار کر گئی۔پچھلے ایک ہفتے سے اس خطے میں موسم مسلسل خراب ہے اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔مقامی لوگوں کے مطابق مسلسل بارشوں کے باعث درجہ حرارت میں واضح کمی واقع ہوئی ہے، جس سے موسم میں غیر معمولی خنکی محسوس کی جا رہی ہے۔
شہریوں کو دوبارہ گرم کپڑے پہننے پڑ رہے ہیں، جو اپریل کے مہینے میں ایک غیر معمولی صورتحال ہے کیونکہ ماضی میں اس دوران عام طور پر درجہ حرارت بڑھ جاتا تھا اور گرمی کی لہر شروع ہو جاتی تھی۔ہفتے کے روز دن کا آغاز نسبتاً صاف موسم کے ساتھ ہوا، جس سے لوگوں کو کچھ وقتی راحت ملی۔تاہم دوپہر کے بعد موسم اچانک تبدیل ہو گیا اور ہلکی بارش شروع ہوئی جو شام تک تیز بارش میں تبدیل ہو گئی۔موسم کی اس اچانک تبدیلی نے معمولاتِ زندگی کو متاثر کیا، اور لوگ دن کے صاف آغاز کے باعث غیر تیار تھے جس کی وجہ سے انہیں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔