عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//اننت ناگ کے ڈورو شاہ آباد علاقے میں دورانِ شب پیش آنے والے ایک سڑک حادثے میں ایک شخص ہلاک جب کہ تین دیگر زخمی ہو گئے۔ایک ٹرک جو ویریناگ کی جانب جا رہا تھا، ڈورو شاہ آباد کے مقام پر اچانک ڈرائیور کے قابو سے باہر ہو گیا اور سڑک کنارے ایک دیوار سے جا ٹکرایا۔ مقامی لوگوں نے زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ زخمیوں میں سے ایک شخص کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جا رہی تھی، جسے مزید بہتر علاج و معالجہ کے لیے گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) اننت ناگ منتقل کیا گیا۔تاہم، ڈاکٹروں کی انتھک کوششوں کے باوجود مذکورہ زخمی شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت اشفاق احمد نائیکو ساکن لاورمنڈا قاضی گنڈ کے طور پر ہوئی ہے، جو ڈرائیور بتایا جا رہا ہے۔ دریں اثنا، دیگر زخمیوں کی حالت مستحکم بتائی جا رہی ہے اور انہیں زیر علاج رکھا گیا ہے۔پولیس نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کر دی ہیں تاکہ حادثے کی اصل وجوہات کا پتہ چلایا جا سکے۔