عظمی نیوزسروس
راجوری//کویت میں پیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثے میں جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے پانچ مزدور جاں بحق ہو گئے، جس کے بعد ان کے آبائی علاقوں سرنکوٹ اور تھنہ منڈی میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ہے۔اطلاعات کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک شخص راجوری کے تھنہ منڈی علاقے سے جبکہ چار افراد پونچھ کے سرنکوٹ علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔ یہ تمام افراد روزگار کی تلاش میں کویت گئے تھے اور وہاں مزدوری کر کے اپنے اہلِ خانہ کی کفالت کر رہے تھے۔حادثے کی تفصیلات فوری طور پر سامنے نہیں آ سکیں، تاہم ایک مقامی بی جے پی رہنما کے مطابق یہ المناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب کویت کی ایک شاہراہ پر دو گاڑیوں کے درمیان شدید تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں پانچوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔خاندانوں کے مطابق، یہ پانچوں افراد کوویت میں ایک ساتھ کام کر رہے تھے جب بدھ کی دیر شام کو کوویت کی چھٹی رنگ روڈ پر ایک سڑک حادثہ پیش آیا۔
دو گاڑیاں ایک دوسرے سے ٹکرا گئیں اور ایک گاڑی میں آگ بھڑک اٹھی۔حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں تین افراد گلی، بچیاں والی گاؤں، سرنکوٹ، پونچھ کے رہائشی تھے، ایک شیندرا گاؤں، پونچھ سے تعلق رکھتا تھا، جبکہ ایک فرد ممتاز رشید، ولد محمد رشید، درہ تھنہ منڈی، راجوری کا رہائشی تھا۔واقعے کے بعد تھنہ منڈی اور سرنکوٹ کے علاقوں میں فضا سوگوار ہو گئی ہے، جہاں اہلِ خانہ اور مقامی لوگ صدمے میں ہیں اور اپنے پیاروں کے غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔متوفین کے اہلِ خانہ نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر مداخلت کر کے میتوں کو وطن واپس لانے کا بندوبست کریں تاکہ ان کی آخری رسومات آبائی علاقوں میں ادا کی جا سکیں۔ذرائع کے مطابق متوفین کی شناخت اور دیگر رسمی کارروائیاں مکمل کرنے کے لیے حکام سفارتی ذرائع اور متعلقہ ایجنسیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں، جس کے بعد مزید تفصیلات سامنے آئیں گی۔سابق وزیر اعلیٰ اور پی ڈی پی صدر محبوبہ مفتی نے ایک بیان میں کہا کہ پانچ نوجوان کوویت میں ایک افسوسناک کار حادثے میں ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ ایک دیگر شدید زخمی ہے۔انہوں نے حکومت ہند اور وزارت خارجہ سے فوری اپیل کرتے ہوئے کہا”ایکسٹرنل افیئرز منسٹر ڈاکٹر ایس جے شنکر اور وزارت خارجہ سے گزارش ہے کہ مہربانی کر کے ہلاک شدگان کی لاشیں واپس لانے میں مدد کریں‘‘۔