ایجنسیز
نئی دہلی// کانگریس رہنما راہل گاندھی نے جمعرات کو کہا کہ اگر ان کی پارٹی اقتدار میں آئی تو وہ اس امتیازی نظام کو ختم کرے گی جس کے تحت سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے اہلکاروں کو قیادت کے مواقع سے محروم رکھا جاتا ہے، اور انہیں ان کے مکمل حقوق اور مراعات فراہم کیے جائیں گے۔سی آر پی ایف کے یومِ شجاعت کے موقع پر گاندھی نے کہا کہ کانگریس اور وہ خود سی اے پی ایف اہلکاروں کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ اپنی فورس میں ترقی، اعلیٰ قیادت کے عہدوں تک رسائی اور مناسب احترام ان کا حق ہے۔
انہوں نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ہندی میں پوسٹ کرتے ہوئے کہا،’’سی آر پی ایف یومِ شجاعت پر میں ہمارے بہادر جوانوں کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں اور انہیں خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔‘‘انہوں نے کہا کہ یہ اہلکار روزانہ ملک کی حفاظت کرتے ہیں، سرحدوں پر تعینات رہتے ہیں، دہشت گردی اور نکسل ازم جیسے خطرات کا مقابلہ کرتے ہیں اور انتخابات کو پْرامن بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔راہل گاندھی نے کہا،’’لیکن حقیقی خراجِ تحسین صرف الفاظ سے نہیں ہوتا۔ برسوں کی قربانیوں اور خدمات کے باوجود سی اے پی ایف اہلکاروں کو نہ بروقت ترقی ملتی ہے اور نہ ہی اپنی ہی فورس کی قیادت کا حق، کیونکہ اعلیٰ عہدے بیرونی افراد کے لیے مخصوص ہوتے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا کہ سی اے پی ایف اہلکار خصوصی تربیت، زمینی تجربہ اور حکمتِ عملی کی گہری سمجھ رکھتے ہیں، اس لیے قومی سلامتی کے نقطہ نظر سے بھی ضروری ہے کہ انہی فورسز کی قیادت انہی کے اندر سے آئے۔انہوں نے مزید کہا کہ قیادت کے مواقع سے محرومی، تنخواہوں، فلاح و بہبود اور عزت سے متعلق دیرینہ مسائل اہلکاروں کے حوصلے کو کمزور کرتے ہیں۔گاندرھی نے کہا،’’یہ صرف کیریئر کا مسئلہ نہیں بلکہ انصاف اور وقار کا معاملہ ہے‘‘۔انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کانگریس اقتدار میں آ کر اس امتیازی نظام کو ختم کرے گی اور سی اے پی ایف اہلکاروں کو ان کے مکمل حقوق فراہم کرے گی۔ان کے یہ بیانات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب حال ہی میں پارلیمنٹ نے ایک بل منظور کیا ہے جس کا مقصد مختلف سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے اہلکاروں کے لیے ایک متحد قانونی فریم ورک قائم کرنا ہے۔اپوزیشن کے کئی ارکان نے اس بل کو مزید جانچ اور مشاورت کے لیے مشترکہ پارلیمانی کمیٹی کو بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا، اور کہا تھا کہ اہلکاروں اور افسران سے مشورہ کیے بغیر نیا قانون نہیں بنایا جانا چاہیے۔راہل گاندھی نے اس سے قبل کہا تھا کہ حکومت اس بل کے ذریعے سی اے پی ایف جوانوں کے ساتھ امتیازی سلوک کو قانونی شکل دینا چاہتی ہے، اور یقین دہانی کرائی تھی کہ ان کی پارٹی اقتدار میں آ کر ایسے ‘‘امتیازی قانون’’ کو منسوخ کرے گی۔