غیر متوقع موسم ی صورتحال12تک جاری رہے گی
سرینگر// سرینگر میں موسمیاتی مرکز نے بدھ کو کہا کہ جموں و کشمیر میں 10 اپریل تک غیر مستحکم موسمی حالات برقرار رہنے کا امکان ہے۔ادھر بدھ کو گلمرگ سمیت وادی کے اونچے علاقوں، کپواڑہ اور بانڈی پورہ میں تازہ برف باری ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعرات کو دھوپ کھلے گی لیکن دوپہر کے بعد تیز آندھی اور ژالہ باری ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی کشمیر، سرینگر اور شمالی کشمیر کے کئی جگہوں پر اس طرح کی صورتحال پیش آسکتی ہے۔تاہم انکا کہنا تھا کہ 10اپریل سے مجموعی طور پر موسم کی صورتحال بہتر رہ سکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ بدھ کو دن بھر کہیں کہیں ہلکی بارش اور شام کو سرینگر اور شوپیان کے علاوہ کئی مقامات پر تیز بارش ریکارڈ کی گئی۔
تاہم انہوں نے کہا کہ مجموعی طور پر وادی کے بیشتر علاقوں میں 6ملی میٹر سے 15ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔انہوں نے کہا کہ9 اور 10 اپریل کے لیے، بکھرے ہوئے مقامات پر ہلکی بارش یا گرج چمک کے ساتھ خاص طور پر دوپہر یا دیر سے سہ پہر کے اوقات میںبوندا باندی کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 11 اور 12 اپریل کو جزوی طور پر ابر آلود حالات دیکھنے کو ملیں گے، شام تک چند مقامات پر ہلکی بارش کا امکان ہے۔ لیکن 13 اور 14 اپریل کو موسم زیادہ تر خشک رہنے کی توقع ہے۔15 اور 16 اپریل کو ابر آلود حالات واپس آنے کا امکان ہے، دوپہر کے آخر یا شام کے اوقات میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات نے بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ ژالہ باری اور تیز ہوائوں کے ساتھ 40-50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہوائوں کی وارننگ جاری کی ہے، اس کے ساتھ ہی کمزور علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔کسانوں کو 9 اپریل سے زرعی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔